اوور سیز پاکستانی کے بینک اکاؤنٹ سے 41 کروڑ روپے کی خطیر رقم پُراسرار طور پرغائب ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
تفصیلات کے مطابق سلیم مانڈوی والا کی زیر صدارت اجلاس سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کے اجلاس میں اوورسیز پاکستانی کی جانب سے دبئی سے بھیجی رقم اکاؤنٹ سے چوری ہونے کا دعویٰ سامنے آیا ہے۔
فاروق ایچ نائیک نے کہا کہ متاثرہ خاندان کے اکاؤنٹس سے 41 کروڑ روپے نکالے گئے، معاملے کے انکشاف کے بعد سینیٹر سلیم مانڈی والا گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد پر برس پڑے۔
گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ متاثرہ شخص اور اس کے اہلخانہ کے 66 اکاؤنٹس ہیں، سائل اور رقم نکلوانے والے کے آپس میں کاروباری تعلقات ہیں، ایف آئی اے رقم نکالنے کیلئے جعلی دستخط کی تحقیقات کر رہا ہے۔
متاثرہ خاندان نے اجلاس کو بتایا کہ رقم نکالنے والے شخص سے کبھی کوئی کاروباری تعلق نہیں رہا، چیئرمین کمیٹی نے استفسار کیا کہ اسٹیٹ بینک نے مذکورہ شخص کی شکایت کیوں نہیں سنی؟ گورنر اسٹیٹ بینک نے کہا کہ ایف آئی اے تحقیقات کر رہا ہے، معاملہ عدالت میں ہے، کمیٹی نے اگلے اجلاس میں ایف آئی اے اور متعلقہ بینک حکام کو طلب کرلیا۔