ایم کیو ایم پاکستان کے کئی سینئر رہنماء اور سابق وزراء ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے، خواجہ اظہار الحسن، ریحان ہاشمی، عبدالحسیب خان اور محمد حسین بھی 2024ء کے انتخابات میں حصہ نہیں لیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان نے الیکشن 2024ء کیلئے قومی اور سندھ اسمبلی کی نشستوں پر اپنے حتمی امیدواروں کا اعلان کردیا تاہم کئی سابق وزراء، رابطہ کمیٹی کے اراکین اور سینئر رہنماء پارٹی ٹکٹ حاصل کرنے میں ناکام رہے۔
رپورٹ کے مطابق سندھ اسمبلی میں سابق پارلیمانی لیڈر اور ڈپٹی کنوینر خواجہ اظہار الحسن کو ٹکٹ نہیں ملا، انہوں نے قومی کی ایک اور صوبائی اسمبلی کی 2 نشستوں سے اپنے کاغذات واپس لے لئے۔
رپورٹ کے مطابق خواجہ اظہار قومی اسمبلی کی نشست پر انتخاب لڑنے کے خواہشمند تھے، انہوں نے این اے 244، پی ایس 123 اور 124 سے کاغذات جمع کروائے تھے۔
سابق رکن قومی اسمبلی ریحان ہاشمی کو قومی و صوبائی کی کسی نشست پر ٹکٹ نہیں ملا، سابق صوبائی وزیر عبدالحسیب، اراکین رابطہ کمیٹی خالد سلطان، زاہد منصوری، سابق ڈپٹی میئر ارشد حسن، شعبہ نشر و اشاعات کے انچارج احسن غوری، سابق وزیر بلدیات محمد حسین، رہنماء شاکر علی اور مسعود محمود بھی ٹکٹ حاصل نہیں کرسکے۔