انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کی جانب سے ٹیسٹ فارمیٹ کی نئی رینکنگ جاری کردی گئی ہے جس کے مطابق قومی ٹیم کے سابق کپتان بابر اعظم کی دو درجہ تنزلی ہوگئی ہے۔
آئی سی سی کی جانب سے جاری کردہ بیٹنگ رینکنگ میں نیوزی لینڈ کے کین ولیمسن 864 پوائنٹس کے ساتھ سرفہرست ہیں، ان کے بعد انگلش بیٹر جو روٹ 859 پوائنٹس کے ساتھ دوسرے جبکہ آسٹریلیا کے اسٹیو اسمتھ 818 پوائنٹس کے ساتھ تیسرے نمبر پر موجود ہیں۔
آسٹریلوی بیٹر مارنس لبوشین 802 پوائنٹس کے ساتھ چوتھے جبکہ ڈیرل مچل 786 پوائنٹس کے ساتھ پانچویں نمبر پر ہیں۔
ویرات کوہلی کی شاندار کارکردگی نے انہیں تازہ ترین آئی سی سی ٹیسٹ رینکنگ میں چھٹے نمبر پر پہنچا دیا ہے، جنوبی افریقہ کے خلاف شاندار فارم کا مظاہرہ کرتے ہوئے کوہلی نے سنچورین میں 38 اور 76 سکور کیے، اس کے بعد کیپ ٹاؤن میں فیصلہ کن کھیل میں 46 رنز کی اہم میچ جیتنے والی اننگ کھیلی اور سیریز میں مجموعی طور پر 172 رنز بنائے۔
رینکنگ میں 3 درجہ برتری کے بعد کوہلی 775 پوائنٹس کے ساتھ چھٹے نمبر پر موجود ہیں اور انہوں نے بابر اعظم کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جو آسٹریلیا کے خلاف چھ اننگز میں صرف 126 رنز بنانے میں ناکام کارکردگی کے بعد 768 پوائنٹس کے ساتھ آٹھویں نمبر پر آ گئے ہیں۔
سڈنی ٹیسٹ کی پہلی اننگ میں محمد رضوان کی شاندار 88 رنز کی اننگ نے انہیں فائدہ پہنچایا اور وہ 10 درجے ترقی کے بعد 668 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 16ویں نمبر پر پہنچ گئے اور سعود شکیل 693 ریٹنگ پوائنٹس کے ساتھ 14 ویں نمبر پر چلے گئے۔
باؤلنگ کے شعبے میں عامر جمال اپنی ڈیبیو سیریز میں ہی شاندار تاثر قائم کرتے رہے، سڈنی ٹیسٹ میں ان کی شاندار چھ وکٹیں انہیں رینکنگ میں 12 درجے اوپر لے گئیں، جس سے وہ 432 پوائنٹس کے ساتھ 45 ویں نمبر پر پہنچ گئے ہیں جبکہ شاہین آفریدی 733 پوائنٹس کے ساتھ 12ویں نمبر پر موجود ہیں۔
روی چندرن ایشون 863 پوائنٹس کے ساتھ باؤلنگ رینکنگ میں بدستور سرفہرست ہیں۔