اسلام آباد ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے پراسرار طور پر گمشدہ ہونے والے متوقع امیدوار عبداللہ ممتاز کاہلوں کو کل تک تلاش کرنے کا حکم دے دیا۔
منگل کے روز اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس عامر فاروق نے سرگودھا کے حلقہ پی پی 76 سے پی ٹی آئی کے متوقع امیدوار عبداللہ ممتاز کاہلوں کی حفاظتی ضمانت کی درخواست پر سماعت کی جس کے دوران انہوں نے پولیس کو سی سی ٹی وی فوٹیج دیکھ کر عبداللہ ممتاز کو کل تک تلاش کرنے کا حکم دیا۔
چیف جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیئے کہ اگر کسی کے خلاف مقدمہ ہے تو قانون کے مطابق کارروائی کریں، قانون کا مذاق نہ اڑائیں۔
سماعت کے دوران چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ عامر فاروق نے استفسار کیا کہ پٹیشنر کہاں ہے؟ جس پر ایڈیشنل اٹارنی جنرل منور اقبال دگل نے بتایا عبداللہ ممتاز ایئرپورٹ پر امیگریشن پراسس کرکے وہاں سے نکل گئے، علم نہیں اب کہاں ہیں۔
انہوں نے بتایا کہ اسلام آباد پولیس کو کچھ معلوم نہیں جبکہ درخواستگزار کو سرگودھا پولیس نے بھی گرفتار نہیں کیا۔
چیف جسٹس نے کہا کیسے ہو سکتا ہے کہ عدالتی تحفظ مانگنے والا بھاگ گیا ہو، یہ میرے آرڈر کی خلاف ورزی ہے ۔
وکیل درخواستگزار بابر اعوان نے کہا امیگریشن والوں نے عبداللہ ممتاز کو روک کر کسی اور کو بلوایا، ٹریک سوٹ پہنے لوگ میرے مؤکل کو ساتھ لے گئے۔
چیف جسٹس اسلام آباد ہائیکورٹ نے کہا ایئرپورٹ پر سی سی ٹی وی کیمرے لگے ہوں گے، فوٹیج دیکھ کر عبداللہ ممتاز کاہلوں کو تلاش کیا جائے، ٹریک سوٹ میں جو لوگ تھے، اس معاملے کو دیکھیں، پھر ہم آرڈر پاس کریں گے۔
درخواست پر مزید سماعت کل تک کے لیے ملتوی کر دی گئی۔