استحکام پاکستان پارٹی ( آئی پی پی ) کے صدر عبدالعلیم خان نے کہا ہے کہ سیاسی جماعتیں مل کر وطن عزیز کو دیوالیہ کرنے کی سازشیں ناکام بنائیں۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی عبدالعلیم خان سے صدر مینارٹی ونگ پیٹر کرامت کی سربراہی میں مسیحی وفد سمیت مختلف رہنماوں نے ملاقاتیں کی ہیں جن کے دوران اہم امور پر گفتگو کی گئی ۔
اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ انتخابات سے ملک کوترقی وخوشحالی کی طرف گامزن ہونا چاہیے ، آئندہ حکومت کو عام آدمی کو مہنگائی سے نجات اور معاشی دباؤ سے نکالنا ہوگا،سرمایہ کاری کے نئے مواقع اور ملکی معیشت کو مستحکم کرنا اصل ایجنڈا ہونا چاہیے،خوشحال و مستحکم پاکستان اور اس کی مضبوط ساکھ سے بڑھ کر کچھ نہیں ہو سکتا۔
عبدالعلیم خان کا کہنا تھا کہ ریاست پر اعتماد کرتے ہوئے ملک کو پاؤں پر کھڑا کریں گے،غیر ملکی قرضوں کا حجم کم کرنا اور سالانہ شرح نمو میں اضافہ نا گزیر ہے۔
انہوں نے کہا کہ اقتدار کے لئے ملکی ساکھ کو داؤ پر لگانے والے عوام کے خیر خواہ نہیں ہو سکتے،آئندہ انتخابات پاکستان کے روشن مستقبل کا روڈ میپ طے کریں گے۔