بھارت کی ایک اور پاکستان دشمنی سامنے آگئی، ورلڈ کپ میں سیکیورٹی ایجنسی کی کا پول کھل گیا، پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ میں شائقین کرکٹ کے داخلے پر پابندی لگادی۔
ورلڈ کپ 2023ء میں بھارتی سیکیورٹی ایجنسیز کی ناکامی کھل کر سامنے آگئی، پاکستان ٹیم کی سیکیورٹی پر سوالیہ نشان کھڑا ہوگیا۔ بھارتی میڈیا کے مطابق بی سی سی آئی نے پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچز میں شائقین کرکٹ کے داخلے پر پابندی لگادی۔
رپورٹ کے مطابق شائقین حیدرآباد میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ اسٹیڈیم میں نہیں دیکھ سکیں گے، میچ 29 ستمبر کو کھیلا جائے گا۔
بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق شائقین کرکٹ پاکستان کے وارم اپ میچ کیلئے آن لائن ٹکٹس بھی خرید چکے ہیں، بی سی سی آئی آن لائن ٹکٹنگ ویب سائٹ کو شائقین کو پیسے واپس کرنے کے احکامات جاری کرے گا۔
بی سی سی آئی کا کہنا ہے کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان وارم اپ میچ بند دروازوں کے پیچھے کھیلا جائے گا، وہ شائقین جنہوں نے ٹکٹس بک کرائے ہیں انہیں پیسے واپس کئے جائیں گے۔
بھارتی میڈیا کے مطابق حیدرآباد کی پولیس نے مذہبی تہوار کی وجہ سے میچ کو سیکیورٹی دینے سے انکار کردیا، 28 ستمبر کو ہندوؤں کا گنیش وسرجن کا تہوار آرہا ہے۔ حیدرآباد پولیس کا کہنا ہے کہ مذہبی تہوار کی وجہ سے میچ کو سیکیورٹی دینا مشکل ہوگا۔
واضح رہے کہ بھارتی سیکیورٹی ایجنسیز حیدرآباد میں مسلسل 2 میچز کی سیکیورٹی پر پہلے ہی تحفظات کا اظہار کرچکی ہیں، حیدرآباد میں 9 اکتوبر کو نیوزی لینڈ اور نیدرلینڈز جبکہ 10 اکتوبر کو پاکستان اور سری لنکا کا میچ شیڈول ہے۔