سابق چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کی گرفتاری کیخلاف 9 مئی 2023 کو ملک بھر کی طرح فیصل آباد میں بھی کی گئی شرپسندی کی ایک اور ویڈیو ثبوت منظر عام پر آگئی۔
تفصیلات کے مطابق 9 مئی کے پرتشدد واقعات کی ایک اور تہلکا خیز ویڈیو شر پسندی کے ناقابل تردید ثبوت سامنے لے آئی۔ فیصل آباد میں حساس ادارے کی بلڈنگ اور آرمی سلیکشن اینڈ ریکروٹمنٹ سینٹر پر حملے کی ایک اور ہوشروبا ویڈیو منظر عام پر آگئی۔
ویڈیو میں ایک مخصوص سیاسی جماعت کے بلوائیوں کو عمارت پر چڑھنے کی کوشش کرتے دیکھا جا سکتا ہے، یہ شر پسند نعرے بازی کرتے، املاک کو نقصان پہنچاتے اور پتھراؤ کرتے واضح دیکھے جا سکتے ہیں۔
ویڈیو میں شر پسند ہجوم میں شامل خاتون کو ریاستی اداروں کے خلاف بلوائیوں کو مشتعل کرتے دیکھا اور سنا جا سکتا ہے، ویڈیو میں سیاسی جماعت کے شر پسند افراد افواج پاکستان سے منسوب بینر کی بے حرمتی اور سائن بورڈ توڑتے نظر آرہے ہیں
یاد رہے کہ یہ تمام مناظر مخصوص جماعت کی جانب سے ریاست پاکستان کے خلاف شرنگیزی پھیلانے کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، 9 مئی کو سیاسی جماعت کی طرف سے کئے گئے اِن نا قابل تردید شر پسندی کے واقعات کو کسی بھی جھوٹ کی آڑ میں نا جھٹلایا جا سکتا ہے اور نا چھپایا جاسکتا ہے۔