عام انتخابات 2024 میں پاکستان عوامی تحریک نے قومی و صوبائی اسمبلی کے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے۔
پاکستان عوامی تحریک نے قومی و صوبائی حلقہ جات سے اپنے امیدواروں کی فہرست جاری کر دی ہے فہرست اُن افراد پر مشتمل ہے جن کے کاغذات نامزدگی منظور ہو چکے ہیں عوامی تحریک کے قومی اسمبلی کے حلقہ جات سے 44 جبکہ صوبائی اسمبلی کے حلقہ جات سے 96 امیدوار الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔
لاہور میں پاکستان عوامی تحریک کے جنرل سیکرٹری خرم نواز گنڈا پور نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہماری سیاست برائے ریاست ہے نظام کی تبدیلی ہی میں سارے مسائل کا حل ہےہمارے امیدوار اسمبلی کے اندر بھی نظام کی تبدیلی اورجامع اصلاحات کے ایجنڈے پر زور دیں گے۔
انہوں نے امیدواروں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اس وقت لاتعداد سیاسی، معاشی بحرانوں سے دو چار ہے ان مسائل کے حل کے لئے قومی اتفاق رائے ناگزیر ہے اس وقت محاذ آرائی جس سطح تک پہنچ چکی ہے اسے کم کرنا ازحد ضروری ہےنفرت و انتقام کی بجائے مفاہمت سے مسائل حل ہوں گے۔
خرم نواز گنڈا پور نے کہا کہ ہمارے امیدوار کسی جماعت یا کسی ذات کے خلاف مہم جوئی نہیں کررہے بلکہ ہماری انتخابی مہم پاکستان اور اس کے عوام کے مسائل کے حل کیلئے ہے پاکستان عوامی تحریک کے امیدوار موٹر سائیکل کے نشان پر الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں۔