قیدیوں کے تبادلے کے بعد امریکا نے ایران کے منجمد 6 ارب ڈالر بحال کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق ایران کے6 ارب ڈالر کے منجمداثاثوں کی قطر میں منتقلی کے بعد قیدیوں کے تبادلے میں ایران کی جانب سے رہا کیے جانےوالے پانچ امریکی قیدی گزشتہ روزدوحہ پہنچ گئے۔
معاہدے کے ثالث قطر نے دونوں فریقوں کو رقم کی منتقلی سے آگاہ کیا۔ سوئٹزرلینڈ سے قطر میں ایرانی بینک اکاؤنٹس میں رقم کو منتقل کیا گیا ۔ ایک تاجر سمیت پانچ قیدی اپنے دو رشتہ داروں کے ہمراہ قطری طیارے پر ایران سے روانہ ہوئے، امریکا نے بھی بدلے میں زیر حراست پانچ ایرانیوں کورہا کر دیا۔
رپورٹ کے مطابق تبادلے کا محرک 6 ارب ڈالر کے فنڈز کا اجراء تھا، جسے امریکی اتحادی جنوبی کوریا نے طویل عرصے سے ایران کے خلاف پابندیوں کے تحت ایرانی کھاتوں میں منجمد کر رکھا تھا۔
ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان ناصرکنعانی نے تصدیق کی ہے کہ جنوبی کوریا میں منجمد ایران کے چھ بلین ڈالر قطر اکاؤنٹس میں ٹرانسفرہوچکے ہیں، جو اب ایران کے حوالے کیے جائیں گے۔