سندھ فوڈ اتھارٹی نے کراچی یونیورسٹی کی خاتون پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق کو سینئر ترین فوڈ اینڈ ہائیجین ایمبیسڈر مقرر کرنے کا فیصلہ کرلیا۔
خاتون پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق گزشتہ 50 سال سے کراچی یونیورسٹی میں تدریس کے فرائض انجام دے رہی ہیں، 85 سالہ ڈاکٹر راشدہ ارتفاق یونیورسٹی کے طلباء میں خوراک کے استعمال سے متعلق حفظان صحت کے اصولوں پر آگاہی فراہم کریں گے۔
رپورٹ کے مطابق ڈاکٹر راشدہ ارتفاق کو فوڈ اینڈ ہائیجین ایمبسڈر مقرر کرنے کے سلسلے میں ایک پروقار تقریب 9 جنوری کو کراچی یونیورسٹی میں منعقد کی جائے گی، اس موقع پر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق کو سندھ فوڈ اتھارٹی کی جانب سے شیلڈ بھی پیش کی جائے گی۔
واضح رہے کہ جامعہ کراچی کی 85 سالہ پروفیسر ڈاکٹر راشدہ ارتفاق تقریباً 50 برس سے کراچی یونیورسٹی میں استاد کے فرائض انجام دے رہی ہیں، انہوں نے تقریباً 20 سال قبل ریٹائرمنٹ کے باوجود درس و تدریس کا سلسلہ جاری رکھا ہوا ہے، کئی برس سے بلا معاوضہ طلباء کو ایم فل اور پی ایچ ڈی کروا رہی ہیں۔
ڈاکٹر راشدہ نے 1953ء میں بھارتی شہر کانپور کی علی گڑھ یونیورسٹی سے آرگینک کیمسٹری میں ماسٹرز کیا، شادی کے بعد پاکستان منتقل ہوگئیں، ڈاکٹر ارتفاق علی ان کے عزیز تھے، جن سے شادی ہوئی، مرحوم ڈاکٹر ارتفاق علی جامعہ کراچی کے وائس چانسلر بھی رہے۔