بھارت میں کرکٹ میچ کے دوران بولنگ کرتے ہوئے کھلاڑی کو دل کا دورہ پڑگیا اور اس کی موت واقع ہوگئی۔
این ڈی ٹی وی کے مطابق بھارت کی ریاست مدھیہ پردیش کے ضلع کھرگون کے ایک گاؤں میں 22 سالہ اندل سنگھ جادھو کو کرکٹ میچ کے دوران بے چینی محسوس ہوئی اور وہ بے ہوش ہو کر گر پڑے۔
رپورٹ کے مطابق اندل سنگھ کو اسپتال منتقل کیا گیا جہاں ڈاکٹروں نے ان کی موت کی تصدیق کردی۔ ڈاکٹرز کے مطابق اندل سنگھ کی موت دل کا دورہ پڑنے سے ہوئی۔
ڈاکٹر نے مزید بتایا کہ جن لوگوں نے اندل سنگھ کو اسپتال پہنچایا، انہوں نے کہا کہ اندل نے میچ کے دوران سینے میں درد کی شکایت کی تھی۔
بھارتی میڈیا کے مطابق ایک عینی شاہد نے بتایا کہ اندل سنگھ برکھد ٹانڈہ گاؤں کی ٹیم کیلئے کھیل رہے تھے، جس نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 70 رنز بنائے تھے، جب ٹیم بولنگ کر رہی تھی تو اندل نے سینے میں درد کی شکایت کی اور ایک درخت کے نیچے بیٹھ گئے۔
عینی شاہد کا کہنا ہے کہ جب ٹیم میچ جیت گئی تو اندل نے ساتھیوں کو انہیں اسپتال لے جانے کا کہا، مگر وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔