ملک بھر میں روپے کے مقابلے امریکی کرنسی کی قدر میں کمی کا سلسلہ جاری ہے، کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت کا فرق انٹرنیشنل مانیٹری فنڈ ( آئی ایم ایف ) کی مقررہ حد سے نیچے آگیا۔
سٹیٹ بینک آف پاکستان ( ایس بی پی ) کی جانب سے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری کر دہ اعداد و شمار کے مطابق کاروباری ہفتے کے چوتھے روز انٹربینک میں ڈالر کی قیمت میں 2 روپے 4 پیسے کی کمی ریکارڈ کی گئی۔
مرکزی بینک کے مطابق انٹربینک میں ڈالر 306.98 روپے سے کم ہو کر 304.94 روپے پر بند ہوا۔
Interbank closing #ExchangeRate for todayhttps://t.co/3lmMOguoYQ#SBPExchangeRate pic.twitter.com/bgjK6DDbGu
— SBP (@StateBank_Pak) September 7, 2023
دوسری جانب کرنسی ڈیلرز کے مطابق اوپن مارکیٹ میں امریکی کرنسی کی قدر میں 6 روپے کی کمی ریکارڈ کی گئی اور نئی قیمت 306 روپے ہوگئی۔
خیال رہے کہ آئی ایم ایف کی شرط کے مطابق کرنسی مارکیٹس میں ڈالر کی قیمت کا فرق 1.25 فیصد رکھنا ہے جبکہ انٹربینک اور اوپن مارکیٹ میں قیمت کا فرق آدھے فیصد سے بھی کم ہوگیا ہے۔
یاد رہے کہ تین دن میں اوپن مارکیٹ میں ڈالر کی قیمت میں 24 روپے کی نمایاں کمی ہوئی۔
ماہر معاشی امور خاقان نجیب کے مطابق ڈالر کے حوالے سے گرے مارکیٹ قائم تھی اور یہی لوگ روپے کے مقابلے میں ڈالر کی قدر کو بڑھا رہے تھے اور ڈالر کی بیرون ملک سمگلنگ میں بھی ملوث تھے، حالیہ اقدام معیشت اور روپیہ دونوں کو مضوط کرے گا۔