پاکستان میں نئے سال کا آغاز آج رات 12 بجے ہونے جارہاہے جس میں اب چند ہی گھنٹے باقی ہیں ، سال نو کے موقع پر منچلوں کو خطرناک کرتب سے باز رکھنے کیلئے پولیس نے بھی آستینیں چڑھاتے ہوئے جامع سیکیورٹی پلان تشکیل دیدیا ہے ۔
تفصیلات کےمطابق کراچی لاہورسمیت جڑواں شہروں کی پولیس اور ضلعی انتظامیہ نے نئے سال کے موقع پرسیکیورٹی سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے ، اسلام آبادمیں چھ سو چھتیس جبکہ راولپنڈی میں چھ ہزارچھ سو پولیس اہلکارسڑکوں،چوکوں اور چوراہوں پر تعینات کئےگئےہیں۔ون ویلنگ ، ہوائی فائرنگ اور روڈ بلاک کرنے والوں کیخلاف کریک ڈاون کا فیصلہ کیاگیا ہے۔
نئے سال کے تقریبات پر پابندی کے بعد آئی جی پنجاب نے نیو ائیر نائٹ پر صوبہ بھر میں سکیورٹی بڑھانے کا حکم دے دیا ۔ترجمان پنجاب پولیس کا کہناہے کہ صوبہ بھرمیں 21 ہزار سے زائد پولیس اہلکار سکیورٹی پر تعینات ہیں۔ آئی جی پنجاب نے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا کہ پولیس ہائی الرٹ رہے، ملک و امن دشمن عناصر پر کڑی نظر رکھیں، سی سی ٹی وی کیمروں کے ذریعے تمام سرگرمیوں کی مانیٹرنگ کی جائے،کسی کو بھی غل غپاڑہ، بدتمیزی، اخلاقی حدود سے تجاوز کی اجازت نہیں ہو گی ، ہوائی فائرنگ، ون ویلنگ، ہلڑ بازی پر زیرو ٹالرنس ہوگا، خواتین اور شہریوں کو تنگ کرنے پر زیرو ٹالرنس ہو گا، سڑکوں اور شاہراہوں پر پٹرولنگ بڑھا دیں،تمام شہروں میں سرچ اینڈ سویپ آپریشنز باقاعدگی سے جاری رکھے جائیں،ون ویلنگ، ہوائی فائرنگ، ہلڑ بازی روکنے کے کیلئے خصوصی ناکے لگائے جائیں۔
یہاں آپ کو بتاتے چلیں کہ پاکستانی وقت کے مطابق شام 4 بجے نیوزی لینڈ میں نئے سال کا ٓغاز ہو چکا ہے ، جہاں آتش بازی کے ذریعے نئے سال کو خوش آمدید کہا گیا جبکہ شہریوں نے ایک دوسرے کو میٹھائیاں کھلا کر جشن منایا ۔ پاکستان میں نئے سال کے آغاز میں ابھی کچھ گھنٹے باقی ہیں لیکن حکومت پاکستان نے غزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے نئے سال پر ہرقسم کی تقریبات پر پابندی عائد کر دی ہے اور شہریوں سے بھی گھروں میں رہ کر مظلوم مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کی تلقین کی ہے ۔