پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری منگل سے لاہور کے حلقہ این اے 127 سے اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد بلاول بھٹو لاہور میں انتخابی میدان کو گرمانے کے لئے تیار ہیں اور منگل سے این اے 127 لاہور میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
بلاول بھٹو کے پہلے انتخابی دورے میں اہم سیاسی شخصیات بھی پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کریں گی جبکہ ان کا پیر کی رات لاہور پہنچنے کا امکان ہے۔
پیپلزپارٹی نے این اے 127 میں بلاول بھٹو کے متعدد پروگرام ترتیب دیدئیے ہیں اور پارٹی ذرائع کے مطابق وہ دو روز لاہور میں قیام کریں گے جبکہ اس دوران متعدد اہم سیاسی شخصیات ان سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گی۔
ذرائع کے مطابق رائیونڈ سے سابق نون لیگی وزیر چوہدری عبدالغفور میئو کے پیپلزپارٹی سے معاملات طے پاگئے ہیں اور چوہدری عبدالغفور، بلاول بھٹو سے ملاقات کرکے پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کریں گے۔
پاکستان عوامی تحریک کے ساتھ انتخابی تعاون کے لئے بھی معاملات میں اہم پیشرفت کا دعوٰی کیا گیا ہے۔
بلاول بھٹو حلقہ این اے 127 میں اپنے انتخابی دفتر کا بھی افتتاح کریں گے جبکہ دورے میں اپنے پارٹی امیدواروں کے نام فائنل کریں گے اور مسیحی برادری کے ایک پروگرام میں بھی شرکت کریں گے۔