خلیج تعاون کونسل ( جی سی سی) اور جنوبی کوریا نے اقتصادی تعلقات کے فروغ کےلیے ایک تاریخی آزاد تجارتی معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔
سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق خلیج تعاون کونسل کے سیکرٹری جنرل نےکہا ہے کہ معاہدے پر دستخط پانچ مذاکراتی ادوار پر میحط نتائج کے نتیجے میں ہوئے ہیں جو دونوں فریقوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کو مضبوط بنانے اور اقتصادی تعاون کو فروغ دینے کی حقیقی باہمی خواہش کی عکاسی کرتے ہیں۔
سیکرٹری جنرل نے کہا کہ یہ معاہدہ جی سی سی رہنماوں کی دیگر ممالک اور بین الاقوامی بلاکس کے ساتھ تعلقات کو مضبوط بنانے، مشترکہ تجارتی اور سرمایہ کاری کے مفادات کے حصول کےلیے ہدایات کے مطابق ہے۔
انہوں نے کہا کہ معاہدے میں 18 چیپٹر شامل ہیں جن میں اشیا، خدمات اور سرکاری خریداری کے ساتھ ڈیجیٹل تجارت اور چھوٹے اور درمیانے تجارتی اداروں کے شعبوں میں تعاون شامل ہے۔
واضح رہے ستمبر میں پاکستان کے ساتھ اس طرح کے معاہدے کے اعلان کے بعد یہ رواں برس جی سی سی کی جانب سے عالمی سطح پر طے پانے والا یہ دوسرا معاہدہ ہے۔