جنوبی افریقہ نے نیوزی لینڈ کے خلاف ٹیسٹ سیریز کے لئے 14 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا ہے جس کی قیادت ایک نئے کھلاڑی کے سپرد کی گئی ہے۔
انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) کے مطابق جنوبی افریقہ نے جنوری میں نیوزی لینڈ کے دورے کے لیے اپنے 14 کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیسٹ اسکواڈ کا اعلان کیا ہے جس کی قیادت ان کیپڈ نیل برانڈ کریں گے۔
دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے جانے والی ٹیسٹ سیریز آئی سی سی ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا حصہ ہوگی۔
27 سالہ نیل برانڈ نے 51 فرسٹ کلاس میچز کھیلے ہیں جن میں انہوں نے 39.27 کی اوسط سے 2906 رنز بنائے جبکہ 71 وکٹیں حاصل کر رکھی ہیں۔
ٹیسٹ ہیڈ کوچ شکری کونراڈ کا کہنا تھا کہ سب سے پہلے میں ان کھلاڑیوں کو مبارکباد دینا چاہوں گا جو پہلی بار پروٹیز کے دورے پر جا رہے ہیں، اپنے ملک کی نمائندگی کرنا ایک حقیقی اعزاز ہے، لہذا انہیں اس لمحے کا مزہ لینا چاہیے۔
جنوبی افریقہ کے ٹیسٹ اسکواڈ میں کپتان نیل برانڈ ، ڈیوڈ بیڈنگھم، روان ڈی سوارٹ، کلائیڈ فورٹوئن، زبیر حمزہ، شیپو مورکی، میہلالی مپونگوانا، ڈوان اولیور، ڈین پیٹرسن، کیگن پیٹرسن، ڈین پیڈٹ، رینارڈ وین ٹونڈر، شان وون برگ اور کھایا زونڈو شامل ہیں۔