پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میلبورن میں جاری دوسرے ٹیسٹ کا تیسرا روز ختم ہوگیا جبکہ میزبان ٹیم کو مہمان ٹیم پر 241 رنز کی برتری حاصل ہوگئی ہے۔
تیسرا روز
قومی ٹیم کے وکٹ کیپر بیٹر محمد رضوان اور فاسٹ باؤلر عامر جمال نے 6 وکٹوں پر 194 رنز کے ساتھ پاکستان کی پہلی اننگ کا تیسرے دن آغاز کیا تھا، محمد رضوان 51 گیندوں پر 42 رنز بناکر کمنز کی گیند پر وارنر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو کر پویلین لوٹ گئے جس کے بعد شاہین آفریدی 21، حسن علی اور میر حمزہ سکور میں صرف دو، دو رنز کا اضافہ کر پائے جبکہ عامر جمال 80 گیندوں پر 33 رنز بنا کر ناقابل شکست رہے۔
آسٹریلیا کی دوسری اننگ
آسٹریلیا کی دوسری اننگ کی دوسری ہی گیند پر شاہین شاہ نے اوپنر عثمان خواجہ کو آؤٹ کردیا جبکہ لنچ سے پہلے لبوشین کی بھی وکٹ حاصل کی، میر حمزہ نے 2 گیندوں پر 2 شکار کیے اور ڈیوڈ وارنر اور ٹریوس ہیڈ کو آؤٹ کیا۔
بعدازاں، مچل مارش اور اسمتھ نے بیٹنگ کو سنبھالا اور دونوں نے نصف سنچریاں بنائیں تاہم مارش سنچری کےقریب پہنچ کر 96 رنز پر میر حمزہ کے ہاتھوں شکار ہوگئے جس کے بعد سٹیو سمتھ بھی 50 رنز بنا کر187 کے مجموعے پر شاہین کے ہاتھوں آؤٹ ہوگئے۔
کینگروز نے تیسرے دن کھیل کے اختتام پر دوسری اننگ میں 6 وکٹوں پر 187 رنز بنائے اور مجموعی طور پر 241 رنز کی برتری حاصل کرلی۔