پاکستان کرکٹ بورڈ ( پی سی بی ) نے بگ بیش لیگ ( بی بی ایل ) کھیلنے والے قومی کھلاڑیوں کی این او سی میں مزید توسیع کی درخواست مسترد کردی۔
ذرائع کے مطابق بگ بیش لیگ میں کھیلنے والے قومی فاسٹ باؤلرز حارث رؤف، زمان خان اور اسامہ میر کی جانب سے این او سی میں توسیع کے لئے پی سی بی کو درخواست دی گئی تھی جسے بورڈ کی جانب سے مسترد کر دیا گیا ہے۔
ذرائع نے بتایا کہ حارث رؤف ، اسامہ میر اور زمان خان نے دو روز قبل مزید دو میچز کھیلنے کے لئے این او سی میں توسیع کی درخواست کی تھی اور موقف اختیار کیا تھا کہ ہمارا این او سی 28 دسمبر تک تھا ہمیں مزید دو میچز کیلئے این او سی دیا جائے۔
یہ بھی پڑھیں۔ قومی ٹیم کے اوپنر عبداللہ شفیق نے اپنی غلطی تسلیم کرلی
کھلاڑیوں کے مطابق ہم یہاں سڈنی ٹیسٹ تک پریکٹس میں رہنا چاہتے ہیں، پھر قومی اسکواڈ کو جوائن کرلیں گے، سڈنی میں ٹیسٹ چل رہا ہوگا ہم قومی ٹیم کے ہمراہ کیا کریں گے، اس لیے دو میچز کی مزید درخواست کرتے ہیں۔
تاہم، پی سی بی نے تینوں کھلاڑیوں کی ایک نہ سنی اور درخواست کو رد کر دیا اور جواب دیا کہ این او سی آپکو 28 دسمبر تک دیا تھا اسکے بعد ایکسٹینشن نہیں دے سکتے۔