ملک کے مختلف شہروں میں غیرقانونی طور پر مقیم افغان باشندوں کی وطن واپسی کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔
سرکاری اعداد وشمار کے مطابق 24 اور 25 دسمبر کو مزید دو ہزار 600 افغان باشندے اپنے ملک چلے گئے، وطن لوٹنے والے افغان شہریوں میں 674 مرد، 478 خواتین اور ایک ہزار 400 سے زائد بچے شامل تھے۔ افغانستان روانگی کے لیے درجنوں گاڑیوں میں متعدد خاندانوں کی اپنے وطن واپسی عمل میں لائی گئی ہے۔
یاد رہے کہ حکومت پاکستان کے اعلان سے قبل بھی غیر قانونی افغان باشندوں کی کثیر تعداد گرفتاری کے ڈر سے پاکستان سے واپس افغانستان جاتی رہی ہے تاہم 25 دسمبر کو سرکاری اعداد وشمار کے مطابق مجموعی طور پر 4 لاکھ 48 ہزار سے زائد افغان باشندے ملک واپس لوٹ گئے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک بھر کی طرح کراچی میں بھی غیر قانونی طور پر مقیم افراد کی بڑی تعداد موجود تھی، غیر قانونی غیر ملکیوں کی وجہ سے کراچی میں اسمگلنگ اور بھتہ خوری بہت عام تھی تاہم قابل اطمینان امر یہ ہے کہ حکومت پاکستان اور عسکری قیادت کی مشترکہ کاوشوں سے ملک سے غیر قانونی افراد کا انخلاء جاری ہے۔