شمالی کوریا کےرہنما کِم جونگ اُن روس کے چھ روزہ دورے کے بعد شمالی کوریا روانہ ہوگئے۔کم جونگ کو تحفے میں ڈرون اور بلٹ پروف لباس ملا۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق کِم نے پریمورسکی میں ملاقاتوں کے دوران جزیرہ رسکی کی روس مشرق بعید وفاقی یونیورسٹی کا دورہ کیا۔
دورے کے دوران انہیں یونیورسٹی کے اہداف اور جزیرہ رسکی کی ترقی سے متعلقہ موضوعات کے بارے میں بریفنگ دی گئی۔کِم نے یونیورسٹی میں زیرِتعلیم 43 شمالی کوریئن طالبعلموں کے ساتھ ملاقات کی، ان کے ساتھ بات چیت کی اور تصویر اتروائی۔
کِم نے"مشرق بعید کی گلیاں"نامی نمائش کا دورہ کیا اورپریمورسکی کی کمپنیوں کی تیارکردہ اوریوکرین بھیجی جانے والی مصنوعات کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔
نمائش کی سیر کے دوران پریمورسکی کے گورنر'اولیگ کوژیم یاکو' نے کِم کو ایک حربی جیکٹ اور 6 کنٹرول سسٹموں والا ڈرون تحفتاً پیش کیا۔
پریمورسکی میں مصروفیات مکمل ہونے کے بعد شمالی کوریا کے لیڈر کِم جونگ اُن اپنی خصوصی بکتربند ٹرین کے ذریعے واپسی کے لئے روانہ ہو ئے۔
شمالی کوریا میڈیاکے مطابق ملاقات دونوں ملکوں کو قریب لانے کے لئے یہ دورہ سودمند ثابت ہوا۔
گزشتہ روز شمالی کوریا کے رہنما کم جونگ اُن نے روس کی فوجی تنصیبات اوربمبار طیاروں کا معائنہ کیا۔
روس کے مشرقی شہرآرٹیوم آمد پرروسی وزیر دفاع نے ان کا استقبال کیا ۔۔ کم جونگ نے روسی جوہری صلاحیت کے حامل اسٹریٹجک بمبارطیاروں اورہائپرسونک کنزال میزائلوں کا معائنہ کیا۔
اس موقع پر روسی وزیر دفاع شوئیگو نے ایک ہوائی جہاز کے بارے میں بتایا کہ جو ماسکو سے جاپان تک پرواز کر سکتا ہے اور پھر واپس آسکتا ہے۔جبکہ سپرسونک کنزال میزائل آواز کی رفتار سے دس گنا تیز سفرکر سکتا ہے۔
واضح رہے کہ کِم منگل کے دن روس پہنچے تھے۔