پنجاب میں عام انتخابات 2024 کے لئے امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے پر صوبائی الیکشن کمشنر نے ایکشن لیتے ہوئے ملوث پولیس افسران کے خلاف کارروائی کا عندیہ دے دیا۔
اتوار کے روز الیکشن کمشنر پنجاب نے صوبے میں امیدواروں سے کاغذات نامزدگی چھیننے اور پولیس کی مداخلت پر انسپکٹر جنرل ( آئی جی ) پولیس سے رابطہ کیا اور کہا کہ ریٹرننگ افسران کے کام میں مداخلت کسی صورت قبول نہیں۔
الیکشن کمشنر نے کہا کہ ہم نے شفاف الیکشن کرانے کے لیے تمام سیاسی جماعتوں کو لیول پلیئنگ دینی ہے ، پولیس نے کسی امیدوار کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے سے روکا تو کارروائی ہوگی ، الیکشن کے لیے کاغذات نامزدگی جمع کرانا امیدواروں کا حق ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن میں کسی رکاوٹ کو برادشت نہیں کریں گے۔
ٹیلی فونک رابطے کے دوران آئی جی پنجاب نے صوبائی الیکشن کمشنر کو تعاون کی یقین دہانی کرائی اور کہا کہ اس حوالے سے تمام آر پی آوز کو ہدایات جاری کر دیں ہیں، شفاف الیکشن کرانے کے لیے الیکشن کمیشن کے ساتھ ہیں۔
آئی جی پنجاب کا کہنا تھا کہ کوئی بھی افسرغیرقانونی سرگرمیوں میں ملوث پایا گیا تو کارروائی کریں گے۔