کرکٹ کی معروف لیگ بگ بیش کے دوران پاکستان سے تعلق رکھنے والے میلبرن اسٹارز کے فاسٹ بولر حارث رؤف کی انوکھی حرکت نے شائقین کو حیران کردیا، وہ بغیر پیڈ کئے ہی بیٹنگ کرنے گراؤنڈ میں آگئے۔
آسٹریلیا میں جاری بگ بیش لیگ کے 13 ویں ایڈیشن کے ایک میچ میں یہ عجیب و غریب واقعہ پیش آیا، سڈنی تھنڈرز کیخلاف میلبرن اسٹارز نے 6 کھلاڑیوں کے نقصان پر 172 رنز بنائے تھے کہ ایک ہی اوور میں میلبرن اسٹارز کی یکے بعد دیگرے 3 وکٹیں گرگئیں۔
رپورٹ کے مطابق اس موقع پر گیارہویں نمبر پر بیٹنگ کیلئے آنیوالے حارث رؤف کو بالکل بھی تیار ہونے کا موقع نہیں ملا اور وہ ٹائمڈ آؤٹ ہونے سے بچنے کیلئے بغیر پیڈ کئے، گلووز اور ہیلمٹ ہاتھ میں لے کر وکٹ پر پہنچ گئے۔
No pads on for Haris 😅#BBL13 pic.twitter.com/EZYbsnPYqy
— Melbourne Stars (@StarsBBL) December 23, 2023
خوش قسمتی کی بات یہ تھی کہ حارث رؤف جب بیٹنگ کیلئے آئے تو پہلی اننگز کی آخری گیند تھی اور انہیں نان اسٹرائیکر اینڈ پر کھڑا ہونا تھا، جس کے باعث انہیں کسی گیند کا سامنا نہیں کرنا پڑا۔
پاکستان کے اسٹار فاسٹ بولر حارث رؤف کی بغیر پیڈ پہنے بیٹنگ کیلئے گراؤنڈ میں آنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر تیزی سے وائرل ہو رہی ہے اور اس پر صارفین دلچسپ تبصرے بھی کررہے ہیں۔
No gloves, pads or helmet on 🤣
— KFC Big Bash League (@BBL) December 23, 2023
Haris Rauf was caught by surprise at the end of the Stars innings!@KFCAustralia #BucketMoment #BBL13 pic.twitter.com/ZR9DeP8YhW
بگ بیش لیگ کے آفیشل سوشل میڈیا پیج کی جانب سے بھی حارث رؤف کے بغیر پیڈ کئے، ہیلمٹ اور گلووز تھامے میدان میں آنے کی دلچسپ ویڈیو اپ لوڈ کی گئی ہے جبکہ میلبرن اسٹارز کی جانب سے حارث رؤف کی بغیر پیڈ کے گراؤنڈ میں کھڑے تصویر بھی شیئر کی گئی ہے۔
خیال رہے کہ اکتوبر نومبر میں بھارت میں کھیلے گئے ون ڈے ورلڈکپ کے دوران بنگلا دیش کے خلاف میچ میں سری لنکا کے اینجلو میتھیوز کو کرکٹ کی تاریخ میں پہلی بار ٹائمڈ آؤٹ قرار دیا گیا تھا کیونکہ وہ مقررہ وقت پر وکٹ پر نہیں پہنچ سکے تھے۔