پاکستان اورایران نے اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے بارٹر ٹریڈ سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا ہے۔
ایف بی آر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیئرمین فیڈرل بورڈ آف ریونیو ملک امجد زبیر ٹوانہ سے پاکستان میں ایران کے سفیر ڈاکٹر رضا امیری مغدم نے بدھ کو ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ملاقات کی۔
ملاقات میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تجارت میں اضافہ اور اس میں آسانیاں لانے کے لئے کسٹمز اور کراس بارڈر تجارت و مینجمنٹ سے متعلق امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ فریقین نے دونوں ہمسایہ ممالک کے درمیان اقتصادی سرگرمیوں میں اضافہ کے لئے بارٹر ٹریڈ سے متعلق رکاوٹوں کو دور کرنے پر اتفاق کیا۔ فریقین نے تاجروں کی سہولت اور سرحد پار تجارت کو بڑھانے کے لئے رمدان۔گبد کراسنگ پوائنٹ پر گیٹ کو جلد آپریشنل کرنے پر بھی اتفاق کیا۔
ایرانی سفیر نے کہا کہ تفتان کی جانب پارکنگ ایریا کی توسیع سے ایرانی ٹرکوں کو سہولت ملے گی۔انہوں نے ایرانی ٹرکوں کو کوئٹہ تک آزاد نقل و حرکت کی اجازت دینے کا بھی کہا۔ چیئرمین ایف بی آر نے انہیں اس ضمن میں درپیش قانونی رکاوٹوں سے آگاہ کیا اوریقین دلایا کہ اس معاملہ پر غور کیا جائے گا۔
اس بات پر بھی اتفاق کیا گیا کہ دونوں ممالک الیکٹرانک ڈیٹا انٹر چینج سسٹم کے ذریعے تجارت سے متعلق ڈیٹا کو ڈیجیٹل طور پر شیئر کرنے پر بھی کام کریں گے۔ ایرانی سفیر نے پاکستان کسٹمز اور دیگر متعلقہ محکموں کے حکام پر مشتمل ایک وفد کو ملاقات کے لئے ایران آنے کی دعوت دی تاکہ دونوں برادر ممالک کے درمیان تمام سرحدی مسائل کو حل کیا جا سکے۔