وزیرمملکت داخلہ سینیٹر طلال چوہدری نےپاکستان تحریک انصاف کے احتجاج کو ٹک ٹاک تحریک کا نام دے دیا، کہا کہ پی ٹی آئی سے مذاکرات کے لیے کوئی پیشگی شرط قابل قبول نہیں ہوگی اور نہ ہی کسی فرد واحد سے متعلق بات چیت ہوگی۔
پارلیمنٹ ہاؤس میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیرمملکت داخلہ طلال چوہدری نے پی ٹی آئی کی احتجاجی تحریک کو ناکام قرار دیا ۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی اب ٹک ٹاک کی حد تک تحریک چلا رہی ہے ۔ اسمبلیوں سے استعفے، سول نافرمانی اور آئی ایم ایف کو خط کے بعد بات ملاقات تک آگئی ہے۔ یہ گھر سے نکلتے ہی ٹک ٹاک بنانے کے لیے ہیں۔ غمگین گانے والی ٹک ٹاک بنا کر یہ واپس چل پڑتے ہیں ۔ پولیس افسر سے بدتمیزی کرنے والے سہیل آفریدی خود بے نقاب ہوئے۔
پی ٹی آئی کو مذاکرات کی حکومتی پیشکش سے متعلق طلال چوہدری نے واضح کیا کہ مذاکرات کے آغاز سے پہلے پی ٹی آئی کی کوئی شرط قابل قبول نہیں ہوگی نہ ہی کسی خاص فرد سے متعلق بات چیت نہیں ہوگی ۔ عدالتی فیصلوں کی موجودگی میں ہم کچھ نہیں کرسکتے ۔ پی ٹی آئی والے ڈیل پیکج لے کر حکومت کے پاس آتے ہیں ۔حکومت نے کبھی پی ٹی آئی کو ڈیل کی پیشکش نہیں کی ۔ بانی پی ٹی آئی کا غیر سیاسی رویہ ہے جس کے وہ خود بھی وکٹم ہیں ۔ انہوں نے وکلاء کو پارٹی ادھار دی ہوئی ہے ۔ ان کی پارٹی کے لوگ استعفے یا اسمبلیاں توڑنے کے حق میں نہیں۔ علیمہ خان چاہتی کہ بھائی سے کوئی حادثہ ہو اور قیادت ان کے ہاتھ میں آئے ۔






















