لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے رہنما حسان نیازی کے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے دائر کی جانے والی درخواست پر وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹس جاری کر دیا۔
درخواست
پی ٹی آئی رہنما حسان نیازی کی جانب سے عام انتخابات میں حصہ لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے جس کے بعد ان کی والدہ نے کاغذات نامزدگی پر دستخط کی اجازت کے لئے ہائیکورٹ سے رجوع کیا تھا۔
لاہور ہائیکورٹ میں دائر کی جانے والی درخواست میں وفاقی اور پنجاب حکومت اور کمانڈنگ آفیسر کو فریق بناتے ہوئے موقف اپنایا گیا کہ الیکشن کمیشن نے انتخابی شیڈول کا اعلان کردیا ہے، حسان نیازی نہ ہی نااہل ہیں اور نا ہی سزا یافتہ ہیں ۔
درخواست میں استدعا کی گئی ہائیکورٹ حسان نیازی کو کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا پراسیس مکمل کرنے اور اوتھ کمشنر کو حسان نیازی سے ملاقات کر کے کاغذات نامزدگی کی تصدیق اور دستخط کی اجازت دے۔
جمعرات کے روز لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس علی باقر نجفی نے درخواست پر سماعت کی اور فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے ان سے جواب طلب کر لیا ہے۔
سماعت کا احوال
دوران سماعت عدالت نے استفسار کیا کہ کیا حسان نیازی کو سزا ہوچکی ہے ؟، جس پر وکیل درخواستگزار نے بتایا کہ ملزم کا ٹرائل چل رہا ہے ابھی وہ نااہل نہیں ہوئے ۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کن شرائط اور کس قانون کے تحت نااہلی ہوسکتی ہے؟ جس پر وکیل نے جواب دیا کہ اس قانونی نقطے کی تشریح ضروری ہے۔
بعدازاں، عدالت نے وفاقی حکومت سمیت دیگر فریقین کو نوٹسز جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا اور سماعت کل تک ملتوی کردی۔