پاکستان ویمن کرکٹ ٹیم نے تیسرے ون ڈے میں سپر اوور مرحلے میں نیوزی لینڈ کو تین رنز سے شکست دے دی۔
نیوزی لینڈ اور پاکستان کے درمیان کرائسٹ چرچ میں کھیلے جانے والا تیسرا ون ڈے میچ ٹائی ہوگیا تھا جس کے بعد میچ کا فیصلہ سپراوور میں ہوا اور اس مرحلے میں قومی ٹیم نے تین رنز سے کامیابی حاصل کرلی۔
آخری ون ڈے میں کیویز ٹیم نے پہلے کھیلتے ہوئے مقررہ 50 اوور میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز بنائے، میڈی گرین 65 رنز بنا کر ناقابل شکست رہیں جبکہ امیلیا کیر نے 77 اور سوفی ڈیوائن نے 29 رنز کی اننگ کھیلی۔
پاکستان کی جانب سے ناثرہ سندھو اور غلام فاطمہ نے دو ، دو کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔
ہدف کے تعاقب میں پاکستانی ٹیم بھی مقررہ اوورز میں دلچسپ مقابلے کے بعد 9 وکٹوں کے نقصان پر 251 رنز ہی بناسکی جس کے باعث میچ کو ٹائی قرار دے دیا گیا۔
پاکستان کی جانب سے بمسہ معروف 68 اور عالیہ ریاض 44 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں رہیں جبکہ دیگر کھلاڑیوں میں فاطمہ ثناء 36 ، نتالیہ پرویز 26 اور نجیحہ علوی 23 رنز کی اننگ کھیل سکیں۔
میچ ٹائی ہونے کے بعد فیصلہ سپر اوور میں ہوا جس میں گرین شرٹس نے میزبان ٹیم کو تین رنز سے شکست دے دی، تاہم، نیوزی لینڈ نے تین میچز کی سیریز دو، ایک سے اپنے نام کر لی ہے۔
یاد رہے کہ اس سے قبل دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلی جانے والی ٹی ٹوئنٹی سیریز پاکستان نے 2، ایک سے جیت کر تاریخ رقم کی تھی۔