آسٹریلیا نے پہلے ٹیسٹ میں پاکستان کو 360 رنز سے شکست دے کر سیریز میں ایک، صفر کی برتری حاصل کرلی ہے، پرتھ میں کھیلے جانے والی پہلے میچ کی دوسری اننگ میں ہدف کے تعاقب میں قومی ٹیم کی بیٹنگ لائن ریت کی دیوار ثابت ہوئی اور پوری ٹیم محض 89 سکور پر آؤٹ ہوگئی۔
پاکستان اور آسٹریلیا کی ٹیمیں ٹیسٹ سیریز کے پہلے میچ میں پرتھ میں مدمقابل تھیں جہاں میزبان ٹیم نے میچ کے چوتھے روز اپنی دوسری اننگ 233 رنز پر ڈکلیئر کر کے مہمان ٹیم کو جیت کے لئے 450 رنز کا ہدف دیا۔
تاہم، ہدف کے تعاقب میں قومی بیٹنگ لائن بری طرح لڑکھڑا گئی اور محض 17 سکور پر ہی دو کھلاڑی آؤٹ ہوگئے، اوپنر عبداللہ شفیق اور کپتان شان مسعود بالترتیب دو ، دو رنز کی اننگ کھیل سکے۔
پاکستان کا تیسرا نقصان 19 کے مجموعے پر ہوا جب اوپنر امام الحق 10 رنز کی اننگ کھیل کر سٹارک کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہوگئے جبکہ چوتھے آؤٹ ہونے والے کھلاڑی بابر اعظم تھے جو صرف 14 رنز کی اننگ کھیل کر سٹارک کا شکار ہوئے۔
قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 56 کے مجموعے پر گری جب محمد سرفراز چار رنز کی اننگ کھیل کر آؤٹ ہوئے جبکہ چھٹا نقصان آغا سلمان کی صورت میں ہوا جو 63 کے مجموعے پر 5 رنز کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے۔
پاکستان کو ساتواں جھٹکا فہیم اشرف کے آؤٹ ہونے پر لگا جو صرف پانچ رنز کی اننگ کھیل سکے جبکہ ان کے بعد آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی عامر جمال تھے جو چار رنز بناسکے۔
بعدازاں، سعود شکیل بھی وکٹ گنوا بیٹھے، وہ 24 رنز کی اننگ کھیل کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی خرم شہزاد تھے جو بغیر کوئی رنز بنائے پہلی ہی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔
آسٹریلیا کی جانب سے دوسری اننگ میں مچل سٹارک اور جوش ہیزل ووڈ نے تین، تین کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا جبکہ نیتھن لیون نے دو اور کپتان پیٹ کمنز نے ایک وکٹ حاصل کی۔
چوتھا روز
پرتھ ٹیسٹ کے چوتھے روز کینگروز نے اپنی نامکمل دوسری اننگز کا آغاز 2 وکٹ کے نقصان پر 84 رنز سے کیا۔
سٹیون اسمتھ 43 اور عثمان خواجہ نے 34 رنز کے ساتھ کھیل کا آغاز کیا تاہم کچھ دیر بعد 87 کے مجموعے پر سیون سمتھ 45 رنز کی اننگ کھیل کر خرم شہزاد کا شکار ہوگئے جبکہ آسٹریلیا کی چوتھی وکٹ 107 رنز پر گری جب ٹریوس ہیڈ 14 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے۔
آسٹریلیا کا پانچواں نقصان عثمان خواجہ کی صورت میں ہوا جب وہ 90 رنز پر فاسٹ باؤلر شاہین شاہ آفریدی کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی پہلی اننگ(تیسرا روز)
پاکستان ٹیم نے اپنی نامکمل پہلی اننگ کا آغاز 2 وکٹ پر 132 رنز سے کیا تاہم ایک رن کے اضافے کے بعد پاکستان کی تیسری وکٹ گر گئی، خرم شہزاد کو 7 رنز پر پیٹ کمنز نے بولڈ کیا۔
پاکستان کی چوتھی وکٹ 70.5 اوورز میں 181 رنز پر گری جب بابر اعظم 21 رنز پر کیچ آؤٹ ہوئے، قومی ٹیم کی پانچویں وکٹ 192 رنز پر گری، امام الحق 62 رنز پر اسٹمپ آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی چھٹی وکٹ 195 رنز پر گری، سرفراز احمد کو 3 رنز پر مچل اسٹارک نے بولڈ کیا۔
فہیم اشرف 9رنز بناکرپیٹ کمنز کا شکار بن گئے۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگ ( پہلا اور دوسرا روز )
اس سے قبل میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 487 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، کھیل کے پہلے روز کینگروز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے تھے، مچل مارش اور الیکس کیری نے دوسرے روز کا آغاز کیا تاہم، آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 411 رنز پر اٹھانا پڑا جب عامر جمال کی گیند پر الیکس کیری بولڈ ہوگئے۔
آسٹریلوی ٹیم کی ساتویں وکٹ 449 رنز پرگری جب مچل سٹارک 12 رنز کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے ، انہیں بھی عامر جمال نے آؤٹ کیا جبکہ میزبان ٹیم کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مچل مارش تھے جنہوں نے 90 رنز کی اننگ کھیلی۔
481 کے مجموعے پر کپتان پیٹ کمنز بھی 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
پاکستان کی طرف سے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 111 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد نے دو، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگ کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔