پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز کے اختتام پر قومی ٹیم نے پہلی اننگ میں کینگروز کے 487 رنز کے جواب میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 132 رنز بنالئے ہیں جبکہ آسٹریلوی ٹیم کو 355 رنز کی برتری حاصل ہے۔
پاکستان کی پہلی اننگ ( دوسرا روز )
واکا کرکٹ اسٹیڈیم ، پرتھ میں جاری پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم کی جانب سے اننگ کا آغاز امام الحق اور عبد اللہ شفیق نے کیا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 74 رنز کی پارٹنر شپ قائم ہوئی۔
تاہم، 74 کے مجموعے پر عبد اللہ شفیق سلپ پر کیچ آؤٹ ہوگئے ، انہوں نے 42 رنز بنائے جبکہ پاکستان کی دوسری وکٹ کپتان شان مسعود کی صورت میں گری جب وہ 30 رنز کی اننگ کھیل کر کیچ آؤٹ ہوئے۔
دوسرے روز کے اختتام پر امام الحق 38 اور نائٹ واچ مین خرم شہزاد 7 سکور کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے۔
Following Aamir Jamal's six-fer, Pakistan finish Day Two at 132-2 trailing by 355 runs 🏏#AUSvPAK pic.twitter.com/sHCrsjYqic
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 15, 2023
آسٹریلیا کی جانب سے نیتھن لیون اور مچل سٹارک نے ایک ، ایک وکٹ حاصل کی۔
آسٹریلیا کی پہلی اننگ ( پہلا اور دوسرا روز )
اس سے قبل میزبان ٹیم اپنی پہلی اننگ میں 487 رنز پر آؤٹ ہوگئی تھی، کھیل کے پہلے روز کینگروز نے 5 وکٹوں کے نقصان پر 346 رنز بنائے تھے، مچل مارش اور الیکس کیری نے دوسرے روز کا آغاز کیا تاہم، آسٹریلیا کو چھٹا نقصان 411 رنز پر اٹھانا پڑا جب عامر جمال کی گیند پر الیکس کیری بولڈ ہوگئے۔
آسٹریلوی ٹیم کی ساتویں وکٹ 449 رنز پر گری جب مچل سٹارک 12 رنز کی اننگ کھیل کر پویلین لوٹ گئے ، انہیں بھی عامر جمال نے آؤٹ کیا جبکہ میزبان ٹیم کے آٹھویں آؤٹ ہونے والے کھلاڑی مچل مارش تھے جنہوں نے 90 رنز کی اننگ کھیلی۔
481 کے مجموعے پر کپتان پیٹ کمنز بھی 9 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے، آسٹریلیا کے آخری آؤٹ ہونے والے کھلاڑی نیتھن لیون تھے جو 5 رنز بنا کر عامر جمال کی گیند پر آؤٹ ہوئے۔
6️⃣ wickets for Aamir Jamal! Sixth-best bowling figures by a 🇵🇰 player on Test debut 👏
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) December 15, 2023
Australia are all out for 487 in their first innings 🏏#AUSvPAK pic.twitter.com/KQSTrfivpt
پاکستان کی طرف سے عامر جمال نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 111 رنز کے عوض چھ وکٹیں حاصل کیں جبکہ خرم شہزاد نے دو، فہیم اشرف اور شاہین شاہ آفریدی نے ایک، ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔
یہ بھی پڑھیں۔ عامر جمال نے آسٹریلیا کیخلاف پہلے ٹیسٹ میں بڑا اعزاز اپنے نام کرلیا
آسٹریلیا کی جانب سے ڈیوڈ وارنر 164 رنز بنا کر نمایاں بیٹر رہے جبکہ مچل مارش نے 90 رنز کی اننگ کھیلی، عثمان خواجہ 41 اور ٹریوس ہیڈ 40 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔