سوئس آئل مارکیٹنگ کمپنی ٹریفوگیورا کا بھی پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پا گیا۔
تفصیلات کے مطابق آئل مارکیٹنگ اور توانائی شعبے میں بڑی عالمی توانائی کمپنی نے پاکستان میں سرمایہ کاری کا معاہدہ کرلیا۔ سوئس آئل مارکیٹنگ کمپنی ٹریفوگیورا کا پاکستان میں 10 کروڑ ڈالر سرمایہ کاری کا معاہدہ طے پایا، جس کے تحت پاکستان کو پیٹرولیم مصنوعات طویل مدتی معاہدے کے تحت سپلائی ہوں گی۔
سوئس ٹریفیگیورا کمپنی کی ذیلی کمپنی پیوما ایڈمور کے 550 پیٹرول پمپس پر سرمایہ کاری کرے گی اور سوئس کمپنی پاکستان میں نجی گروپ کیساتھ مشترکہ ایل پی جی کاروبار بھی بڑھائے گی۔
خیال رہے کہ دو روز قبل سعودی آئل کمپنی آرامکو نے تقریباً 10 کروڑ ڈالر کی سرمایہ کاری کے ساتھ تقریباً ایک دہائی قبل قائم ہونے والی نجی کمپنی گیس اینڈ آئل پاکستان لمیٹڈ (گو) میں 40 فیصد حصص حاصل کرکے پاکستان کی ریٹیل مارکیٹ میں باضابطہ طور پر قدم رکھ دیا۔
رپورٹ کے مطابق آئل اینڈ گیس کمپنی نے منگل کو جاری بیان میں اعلان کیا کہ دنیا کی معروف انرجی اور کیمیکل کمپنیوں میں شامل آرامکو نے کمپنی میں 40 فیصد شیئرز کے حصول کے لیے حتمی معاہدوں پر دستخط کردیے ہیں۔