عالمی مالیاتی فنڈ نے پاکستان سے عالمی قیمتوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل فوری مہنگا کرنے کا مطالبہ کردیا۔
پاکستان اور آئی ایم ایف کے درمیان ورچوئل مذاکرات جاری ہے،ذرائع کے مطابق آئی ایم ایف نے کہا کہ حکومت پاکستان پیٹرول اور ڈیزل پر کسی قسم کی سبسڈی نہ دے، عالمی قیمتوں کے مطابق پیٹرول اور ڈیزل فوری مہنگا کرے۔
آئی ایم ایف حکام نے پیٹرولیم مصنوعات کی عالمی قیمتوں میں اضافہ فوری پاس کرنے پر زور دیا، کہا پیٹرول اور ڈیزل ڈویلپمنٹ لیوی کا 30 جون تک کا 1468 ارب روپے کا ہدف پورا کیاجائے۔
ذرائع کے مطابق جولائی تا دسمبر 6ماہ میں پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی کی مد میں 822 ارب روپے جمع ہوئے، جولائی تا دسمبر پیٹرولیم ڈویلپمنٹ لیوی 60 فیصد سے زائد جمع ہوئی۔
واضح رہے کہ مشرق وسطیٰ کی کشیدہ صورتحال کے باعث عالمی منڈی میں پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتیں بڑھ گئیں،ملک میں پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 15 مارچ تک 32 روپےفی لیٹر بڑھنے کا خدشہ ہے۔
ذرائع کے مطابق پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت 153 روپے50 پیسے سے بڑھ کر186روپے47 پیسےہونے کا امکان ہے،15مارچ تک ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 50 روپے سے زائد فی لیٹر اضافے کا امکان ہے۔
عالمی منڈی میں ہائی اسپیڈڈیزل قیمت 93 ڈالر2 سینٹ سے بڑھ کر138 ڈالر فی بیرل پہنچنے کا امکان ہے، عالمی منڈی میں پیٹرول کی قیمت فی بیرل 79 ڈالر 14سینٹ سے بڑھ کر97 ڈالر92 سینٹ ہوجائے گی۔




















