عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں مسلسل کمی کے زیراثر مقامی مارکیٹ میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا امکان ہے۔
رپورٹ کے مطابق عالمی منڈی میں برینٹ کروڈ آئل کی قیمت میں 3 اعشاریہ نو سات فیصد کمی ریکارڈ کی گئی ، جس کے بعد برینٹ کروڈ آئل کی فی بیرل 73.1ڈالرہوگئی۔ امریکی کروڈ آئل ڈبلیو ٹی آئی کے دام بھی4.18 فیصد کم ہوگئے، جس کے بعدامریکی کروڈ آئل کی فی بیرل قیمت68.34ڈالر ہوگئی۔
عالمی منڈی میں پٹرول کی قیمت میں 5.49 ڈالر فی بیرل کی کمی دیکھنے میں آئی ہے، پٹرول کی فی بیرل قیمت 94.95 ڈالر جبکہ ڈیزل کی قیمت 5.13 ڈالر کم ہو کر 100.05 ڈالر کی سطح پر آچکی ہے۔
آئل مارکیٹنگ کپمنیوں کے ابتدائی اعداد و شمار کے مطابق پٹرول کی قیمت میں 13 اور ڈیزل کی قیمت میں 15 روپے فی لٹر کمی کا امکان ہے۔ یاد رہے کہ حکومت پٹرولیم مصنوعات کی ممکنہ نئی قیمتوں سے متعلق حتمی فیصلہ دسمبر کی 15 تاریخ کو کرے گی۔
عالمی منڈی میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں نمایاں کمی کے باجود پاکستان میں صارفین کو پٹرول پر کم ریلیف ملنے کا امکان کم ہے۔ ذرائع کے مطابق رواں مالی سال پیٹرولیم لیوی کے ہدف میں 49 ارب روپے کا اضافہ متوقع ہے، اس اضافے کے لیے نیا آرڈیننس لائے جانے کا امکان ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ رواں مالی سال لیوی ٹارگٹ میں 49ارب روپے کا اضافہ کرتے ہوئے یہ ٹارگٹ 918 ارب روپے تک بڑھایا جائے گا۔ رواں مالی سال میں پیٹرولیم لیوی ٹارگٹ 869ارب روپے ہے۔
واضح رہے کہ حکومت اس وقت پیٹرول پر 60 روپے فی لیٹر لیوی وصول کر رہی ہے جو قانون کے تحت زیادہ سے زیادہ حد ہے۔ لیوی میں اس سے زائد اضافے کیلئے حکومت کو قانون تبدیل کرنا ہوگا۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ٹیکس میں 49 ارب روپے کے اضافے کیلئے آرڈیننس لائے جانے کا امکان ہے