پاکستان ٹیسٹ ٹیم کے کپتان شان مسعود نے کہا ہے کہ آسٹریلیا میں متاثر کن انداز میں کھیلنے کی کوشش کریں گے۔
پہلے ٹیسٹ سے قبل پریس ٹاک میں قومی ٹیم کے کپتان شان مسعود کا کہنا تھا کہ آسٹریلیا ایک بہترین جگہ ہے جہاں ہم کوشش کریں گے کہ اچھا کھیل کر کامیابی حاصل کریں، بحیثیت ٹیم ہم خود کوکنڈیشنز کے مطابق ڈھالنے کی کوشش کریں گے۔
شان مسعود نے کہا کہ ہمارے لیے اہم خود کو کنڈیشنز کے مطابق تیار کرنا ہے، ہم بحیثیت ٹیم کچھ مختلف کرنے کی کوشش کریں گے، اگر ہم اچھا نہ کرسکے تو پھر دیکھیں گے کہ کہاں غلطیاں ہوئیں اور ان کو سدھاریں گے۔
انہوں نے کہا کہ عثمان خواجہ کا پیغام ذاتی ہے اور یہ کرکٹ آسٹریلیا سے متعلق معاملہ ہے، ہم نے اپنا دیکھنا ہےکہ ہمیں کہاں تک اور کیا اجازت ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ محمد رضوان اور سرفراز احمد پاکستان کے ٹاپ کلاس وکٹ کیپر بیٹر ہیں ان کے درمیان فیصلہ کرنا مشکل ہے، دونوں کو کھلانے کا امکان ہر وقت موجود ہوتا ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ہمیں زیادہ ٹیسٹ میچز چاہئیں، جتنے ٹیسٹ میچز ہمیں ملتے ہیں وہ کافی نہیں ہیں، ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کا ہر میچ اہم ہوتا ہے۔