مہنگائی میں پسے عوام پر مزید بوجھ ڈالنے کی تیاریاں، پنجاب بھر میں 2 ہزار 468 دیہی یوسیز کے عوام پر ’’اب گاؤں چمکیں گے‘‘ کے نام سے 33 کروڑ سے زائد کا ٹیکس لاگو کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
محکمہ بلدیات نے اب ’’گائوں چمکیں گے‘‘ منصوبے پر عملدرآمد کا حتمی فنانشل پلان مرتب کرلیا ہے۔ دستاویزات کے مطابق پنجاب بھر میں 2 ہزار 468 دیہی یوسیز کے عوام پر نیا ٹیکس لاگو کیا گیا یے، دیہات چمکانے کیلئے حکومت سے نہیں بلکہ عوام سے ہی پیسے لئے جائیں گے۔
رپورٹ کے مطابق منصوبے پر ماہانہ 43 کروڑ 19 لاکھ اخراجات آئیں گے، جس کیلئے رہائشیوں پر ٹیکس لگا کر ماہانہ 33 کروڑ 56 لاکھ عوام کی جیبوں سے نکلوایا جائیگا۔
دستاویز میں بتایا گیا ہے کہ منصوبے پر ابتدائی عملدرآمد کیلئے دیہی یوسیز اکاؤنٹس میں پڑے ایک ارب 32 کروڑ 47 لاکھ کا بجٹ استعمال کیا جائیگا جبکہ منصوبے کو مستقل چلانے کیلئے گھروں، دکانوں، پیٹرول پمپس، میرج ہال، سروس اسٹیشن اور انڈسٹریل یونٹس سے ٹیکس وصولی کی جائیگی۔
رپورٹ کے مطابق فی گھر ماہانہ 50، دکان سے 200، پیٹرول پمپ و سروس اسٹیشن سے ایک ہزار اور انڈسٹریل یونٹس سے ماہانہ 2 ہزار روپے چارج کرنے کی منظوری دی گئی ہے۔