ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹس اسلام آباد نے بانی چئیر مین پی ٹی آئی کی چھ مقدمات میں عبوری ضمانت میں 19 دسمبر تک توسیع کر دی جبکہ بشری بی بی کی بھی ایک مقدمے میں عبوری ضمانت میں 2 جنوری تک توسیع کردی گئی۔
ایڈیشنل سیشن جج اسلام آباد طاہر عباس سپرا نے بانی چئیر مین پی ٹی آئی کی 6 اور بشری بی بی کی ایک درخواست ضمانت پر سماعت کی جس کے دوران وکیل صفائی نے کہا بانی چئیر مین کی درخواست ضمانت انسداد دہشت گردی عدالت نے منظور کر لی ہے، یہ جان بوجھ کر سابق وزیر اعظم کو عدالت پیش نہیں کر رہے، گزارش ہے کہ سابق وزیراعظم کو عدالت پیش کیا جائے۔
جج طاہر عباس سپرا نے کہا جہاں آپ ہوں وہاں عدالت پیش ہو جاتی ہے یہ روایت آپ نے ہی ڈالی ہے، میں رپورٹ منگواتا ہوں، اگلی تاریخ تک طے کرتا ہوں کہ سماعت کہاں ہو گی۔
عدالت نے استفسار کیا کہ بشری بی بی کی ہائی کورٹ پٹیشن کا کیا سٹیٹس ہے جس پر وکیل نے بتایا کہ ابھی آڈیو لیکس پر رپورٹ منگوائی گئی ہے۔
بعدازاں عدالت کی جانب سے درخواستوں پر مزید سماعت ملتوی کر دی۔