پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین عمران خان اور وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی پر سائفر کیس میں فرد جرم عائد نہ ہوسکی۔
منگل کے روز سیکرٹ ایکٹ کے تحت قائم خصوصی عدالت کے جج ابو الحسنات ذوالقرنین نے اڈیالہ جیل میں سابق چیئرمین پی ٹی آئی اور شاہ محمود قریشی کے خلاف سائفر کیس کی سماعت کی جس کے دوران وفاقی تحقیقاتی ادارے ( ایف آئی اے ) کے پراسیکیوٹر ذوالفقار نقوی عدالت میں پیش ہوئے۔
سماعت کے دوران شاہ محمود قریشی کے اہلخانہ بھی عدالت میں موجود رہے۔
عدالت کی جانب سے سماعت کے دوران وکلاء صفائی کی جانب سے دائر 6 متفرق درخواستیں نمٹا دی گئیں جبکہ جج ابوالحسنات نے ریمارکس دیئے کہ جیل میں اوپن ٹرائل پر میڈیا کے معاملے پر جیل حکام سے بات کروں گا۔
بعدازاں، جج ابوالحسنات ذوالقرنین نے کیس کی مزید سماعت کل تک ملتوی کر دی۔