وزیر توانائی محمد علی کا کہنا ہے کہ پوری سردیوں میں ایل این جی پر ہی کھاد کے کارخانے چلائیں گے۔ سردیوں میں کھاد کا کوئی بھی پلانٹ بند نہیں ہو گا۔
اسلام آباد میں وفاقی وزراء سرفراز بگٹی، مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کے دوران وزیر توانائی محمد علی نے کہا کہ دسمبر میں ایل این جی کے 2 اور جنوری کیلئے ایک کارگو منگوایا تھا، اسی ایل این جی پر ہی کھاد کے کارخانے پوری سردیوں میں چلائیں گے۔
وزیر توانائی نے مزید کہا کہ پلانٹ چلانے سے ملک میں لوکل پیداوار میں اضافہ ہوگا، اس موقع پر سیکرٹری صنعت و پیداوار نے کہا کہ کھاد امپورٹ کرلی، چند دنوں میں پاکستان پہنچ جائے گی۔
وزیر داخلہ سرفراز بگٹی کا کہنا تھا کہ ہم تھوڑے وقت کیلئے آئے ہیں،عوام کے فائدے والے فیصلے کریں گے، اس وقت ٹریڈ روٹس پر اسمگلنگ نہیں ہو رہی تاہم ملک میں بہت سی چیزیں خراب ہیں جس سے اسمگلرز فائدہ اٹھاتے ہیں۔
واضح رہے کہ ملک کے مختلف شہروں میں کھاد کا بحران شدت اختیار کرگیا جس کے باعث کسانوں کو کھاد حاصل کرنے میں مشکلات کا سامنا ہے۔ کھاد کی قیمت میں 15 روز میں 1500 کا اضافہ ہو گیا، کھاد بلیک میں 5 ہزار روپے تک پہنچ گئی۔