انٹرنیشنل کرکٹ کونسل ( آئی سی سی ) نے ورلڈ کپ 2023 کی فاتح ٹیم کے کھلاڑی ٹریوس ہیڈ کو پلیئر آف دی منتھ قرار دے دیا۔
آئی سی سی کے مطابق ورلڈ کپ 2023 جیتنے والی آسٹریلوی ٹیم کے سٹار کھلاڑی ٹریوس ہیڈ اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت نومبر 2023 کے لیے مینز پلیئر آف دی منتھ قرار پائے ہیں۔
ٹریوس ہیڈ نے ساتھی کھلاڑی گلین میکسویل اور ہندوستانی فاسٹ باؤلر محمد شامی کو پیچھے چھوڑتے ہوئے اعزاز اپنے نام کیا۔
میکسویل نے ورلڈ کپ کے دوران افغانستان کے خلاف ’’ آل ٹائم گریٹ ‘‘ ڈبل سنچری اسکور کی تھی جبکہ محمد شامی نے اسی ٹورنامنٹ کے دوران بہترین باؤلنگ کا مظاہرہ کیا تھا۔
A #CWC23 hero has been crowned the ICC Men’s Player of the Month for November 2023 🔥
— ICC (@ICC) December 11, 2023
تاہم، نومبر کے مہینے کے دوران ہیڈ نے ایک ففٹی اور ایک سنچری کے ساتھ 220 رنز سکور کئے تھے اور اس فرق کی وجہ سے انہیں پلیئر آف دی منتھ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
29 سالہ کھلاڑی نے گزشتہ سال کے دوران اپنے سفر میں مدد کرنے پر اپنے ساتھیوں کو خراج تحسین پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ ’’ یہ ٹیم کے لیے ناقابل یقین 12 مہینے رہے ہیں جس کا حصہ بننا ایک حقیقی اعزاز رہا ہے، میں خوش قسمت تھا کہ ٹیم نے ورلڈ کپ کے لیے مجھ پر اعتماد برقرار رکھا اور میرے پاس انہیں واپس کرنے کا بہترین موقع تھا، میں نے محسوس کیا کہ ورلڈ کپ میں نے اب تک کی بہترین بلے بازی کی ہے ‘‘۔
ان کا کہنا تھا کہ ’’ یہ ایوارڈ میرے لئے ایک بہت بڑا اعزاز ہے ، لیکن یہ ایک ٹیم کی کوشش بھی ہے، تمام فارمیٹس میں میری ٹیم کے ساتھیوں کے بغیر ایسا ممکن نہیں، اس لیے اس قسم کے ایوارڈز ان کے لیے بھی اتنے ہی ہیں جتنے میرے لیے ہیں ‘‘۔
یاد رہے کہ ورلڈ کپ 2023 کے سیمی فائنل اور فائنل میں ہیڈ نے پلیئر آف دی میچ کا اعزاز حاصل کیا تھا۔
بھارت کے خلاف فائنل میں انہوں نے حریف کپتان روہت شرما کا ایک شاندار کیچ لے کر میچ کا رخ بھی بدل دیا تھا۔
ہیڈ، ڈیوڈ وارنر کے بعد یہ اعزاز حاصل کرنے والے آسٹریلیا کے دوسرے کھلاڑی ہیں جنہوں نے نومبر 2021 میں یہ ایوارڈ جیتا تھا۔