مالی مشکلات سے دوچار قومی ایئرلائن (پی آئی اے) کا ماہانہ خسارہ 12 ارب روپے سے تجاوز کرگیا۔
دستاویزات کے مطابق پی آئی اے کی ماہانہ آمدن 22 ارب اور اخراجات 34 ارب روپے تک ہیں، پی آئی اے کا ماہانہ خسارہ 12 ارب جبکہ مجموعی خسارہ تقریبا 740 ارب روپے تک پہنچ گیا۔
پی آئی اے نے کمرشل بینکوں سے حکومتی گارنٹی پر 260 ارب قرض لیا ہوا ہے، جس پر کمرشل بینکوں کو قرضے پر ماہانہ 8 ارب روپے سے زائد سود ادا کرنا ہے، پی آئی اے ایف بی آر کو ایک ارب 25 کروڑ روپے جبکہ سول ایوی ایشن کو ماہانہ ایک ارب سے زائد کی ادائیگی نہیں کر رہا۔
دوسری جانب وزارت خزانہ نے قومی ائیرلائن کے قرض پر سود اور مزید خسارہ برداشت کرنے سے انکار کردیا۔ نگران وزیرخزانہ نے نجکاری ڈویژن، پی آئی اے انتظامیہ سے نجکاری پلان مانگ لیا، متعلقہ حکام کو ہدایت کی گئی ہے کہ پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائن کی نجکاری فوری عمل میں لائی جائے۔