لاہور ہائیکورٹ نے پاکستان تحریک انصاف ( پی ٹی آئی ) کے سابق چیئرمین عمران خان کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کے خلاف درخواست فل بینچ کو بھجوا دی۔
پیر کے روز لاہور ہائیکورٹ کی جسٹس عالیہ نیلم نے سابق چیئرمین پی ٹی آئی کی توہین الیکشن کمیشن کیس میں جیل ٹرائل کیخلاف درخواست پر سماعت کی جس کے دوران انہوں نے درخواست کو فل بینچ میں پیش کرنے کی سفارش کرتے ہوئے کیس کی فائل چیف جسٹس کو بھجوا دی۔
عدالت کی جانب سے جیل ٹرائل کے نوٹیفکیشن سے متعلق ریکارڈ کو درخواست کے ساتھ لگانے کی بھی ہدایت کی گئی۔
سماعت کے دوران وکیل نے بتایا کہ الیکشن کمیشن نے توہین کی کارروائی میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن جاری کیا ہے جس پر جسٹس عالیہ نیلم نے استفسار کیا کہ اب تک کتنے کیسز میں جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوچکا ہے، وکیل نے بتایا کہ سائفر اور القادر ٹرسٹ سے متعلق کیسز کا جیل ٹرائل کا نوٹیفکیشن ہوا ہے۔
عدالت نے استفسار کیا کہ کیا آپ نے وہ تمام ریکارڈ درخواست کے ساتھ لگایا ہے، اسی نوعیت کی درخواست فل بینچ کے روبرو زیر سماعت ہے، ہم ایک کیس میں آرڈرکر دیں تو باقیوں پر کیا اثر ہوگا، انہوں نے کہ ہدایت کی کہ آپ تمام ریکارڈ فراہم کریں۔
جسٹس عالیہ نیلم نے ریمارکس دیے کہ آپ کے پاس سو وکلا کی ٹیم ہے فوری ریکارڈ منگوا کر ساتھ لگا دیں جس پر وکیل نے بتایا کہ ہم ریکارڈ فراہم کر دیتے ہیں آپ درخواست کو کل کے لیے مقرر کردیں۔
تاہم، جسٹس عالیہ نے ریمارکس دیے کہ آپ متفرق درخواست کے ذریعے تمام دستاویزات لف کردیں پھر دیکھتے ہیں، یہی عدالتی طریقہ کار ہے۔
بعدازاں، عدالت نے درخواست فل بینچ کو بھجوا دی۔