پاکستان پیپلز پارٹی ( پی پی پی ) کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ ایک جیل سے نکلنے کیلئے اور دوسرا جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے، قوم کو بتانا پڑے گا قائد عوام کے قتل میں سہولت کار کون تھے۔
کوہاٹ میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے پی پی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پیپلز پارٹی کے ورکرز کنونشز کامیاب رہے ہیں، جیالوں نے پیغام پہنچا دیا کہ خیبرپختونخوا میں پی پی موجود ہے اور یہاں بھٹو زندہ ہے اور زندہ رہے گا۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ کے پی میں ہمیں کنونشنز نہ کرنے کا کہا گیا اور کہا گیا کہ خیبرپختونخوا میں سیکیورٹی خطرات ہیں، کہا گیا یہاں کسی اور کو وزیراعلیٰ بنانے کا فیصلہ ہوچکا ہے۔
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ جیالے ہمیشہ الیکشن کے لیے تیار ہیں ، ملک کے تمام مسائل کا حل پی پی کے منشور میں موجود ہے، ہمارا کوئی سیاسی مخالف نہیں ، ہمارا نہ کوئی کھلاڑی مقابلہ کرسکتا ہےنہ کوئی اور، ہمارامقابلہ سیاستدانوں سے نہیں مہنگائی اور غربت سے ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ پی پی اشرافیہ کی نہیں عوام کی نمائندگی کرتی ہے، عوام ساتھ دیں گے تو ہم نفرت کی سیاست کو دفن کریں گے، کوئی تیار ہو نہ ہو ، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، ہم عوام کی مالی مدد کے لیے الیکشن لڑ رہے ہیں جبکہ کوئی جیل سے نکلنے اور کوئی جیل سے بچنے کیلئے الیکشن لڑ رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم اپنے بہن بھائیوں کو دنیا بھر میں روزگار دلوائیں گے، مفت صحت سہولیات کی فراہمی کے لیےالیکشن لڑ رہے ہیں، ہم نےعوام کو مفت علاج کی سہولیات دلوا کر دکھائی ہیں، ہم جدوجہد کر کے عوام کو ان کا حق دلوائیں گے۔
پی پی چیئرمین کا کہنا تھا کہ 12 سال بعد شہید بھٹو کیس کے ریفرنس کی سماعت ہوگی، عوام جانتے ہیں کہ قائد عوام بے قصور تھے ، قوم کو بتانا پڑے گا قائد عوام کے قتل میں سہولت کار کون تھے، آمر ضیا، جج ، وکلاء اور سیاستدان جو اس قتل میں سہولت کار تھے قوم کے مجرم ہیں۔
بلاول بھٹو کا مزید کہنا تھا کہ عوام کو بتایا جائے قائد عوام کو کس سازش کے تحت نکالا اور پھانسی پر کیوں چڑھایا، عوام آج بھی پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں، عوام میں جانے کا سلسلہ جاری رہے گا۔