روسی اولمپک کمیٹی ( آر او سی ) کا کہنا ہے کہ ماسکو 2024 کے پیرس اولمپکس کا بائیکاٹ نہیں کرے گا۔
غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق آر او سی نے کہا ہے کہ ماسکو 2024 کے پیرس اولمپکس کا بائیکاٹ نہیں کرے گا اور کھلاڑی غیر جانبدار جھنڈے تلے حصہ لینے کا انتخاب کر سکتے ہیں۔
ایک بریفنگ کے دوران آر او سی کے صدر پوز دنیاکوف کا کہنا تھا کہ کھیلوں کا بائیکاٹ کہیں بھی نہیں ہوتا۔
انہوں نے کہا کہ ہم ایک آزاد ریاست میں ایک ساتھ رہتے ہیں، ہر شخص اگر وہ چاہے تو ایک غیر جانبدار جھنڈے تلے مقابلہ کرنے کا راستہ اختیار کر سکتا ہے۔
تاہم، پوزدنیاکوف نے کہا کہ موجودہ سفارشات ہمارے کھلاڑیوں کی ایک بڑی تعداد کو اولمپک گیمز میں حصہ لینے کی اجازت نہیں دیں گی۔
خیال رہے کہ بین الاقوامی اولمپک کمیٹی ( او آئی سی ) نے روس اور بیلاروس کے کھلاڑیوں کو بین الاقوامی مقابلوں میں انفرادی طور پر حصہ لینے کی اجازت دینے کی سفارش کی تھی۔
یاد رہے کہ فروری 2022 میں روس کی جانب سے یوکرین پر حملے کے آغاز کے بعد سے روس اور بیلاروس کے ایتھلیٹس کو مختلف کھیلوں کے مقابلوں میں پابندیوں کا سامنا ہے۔