حکومت مہنگائی کے مارے عوام پر پیٹرول بم گرانے کو تیار، کل سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں 16 روپے تک اضافے کی تجویز سامنے آگئی، پیٹرول 16 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 14 روپے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔ وزارت خزانہ وزیراعظم کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی، حکومت کے پاس قیمتیں برقرار رکھنے کا اختیار بھی ہے۔
حکومت پھر پیٹرول بم گرانے کو تیار ہے، ہفتہ 16 ستمبر سے پیٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں اضافے کی تجویز سامنے آگئی، پیٹرول 16 روپے جبکہ ہائی اسپیڈ ڈیزل 14 روپے تک مہنگا ہونے کا امکان ہے۔
وزارت خزانہ نگران وزیراعظم انوار الحق کاکڑ کی منظوری سے نوٹیفکیشن جاری کرے گی تاہم حکومت کے پاس قیمتیں برقرار رکھنے کا اختیار بھی ہے۔
پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں رد و بدل کا ورکنگ پیپر تیار ہے، پیٹرول کی ایکس ریفائنری قیمت میں ساڑھے 13 روپے اضافہ تجویز کیا گیا ہے جو 228 روپے 59 پیسے سے بڑھ کر 242 روپے 10 پیسے ہونے کا امکان ہے، ڈیزل کی ایکس ریفائنری قیمت میں بھی 13 روپے فی لیٹر اضافہ تجویز کیا گیا ہے۔
اضافے کی صورت میں پیٹرول کی نئی قیمت 305 روپے 36 پیسے سے بڑھ کر 321 روپے 35 پیسے ہوجائے گی، ہائی اسپیڈ ڈیزل کی قیمت 311 روپے 84 پیسے سے بڑھ کر 325 روپے 50 پیسے فی لیٹر کرنے کی تجویز ہے۔