سعودی عرب کی وزارتِ انسانی وسائل و سماجی ترقی نے غیر ملکی کارکنوں کی قانونی حیثیت درست کرنے کے لیے دی گئی مہلت میں سال کے اختتام تک توسیع کا اعلان کر دیا ہے۔
وزارت کے مطابق یہ سہولت اُن کارکنوں کے لیے ہے جن کے ورک پرمٹ (رخصة العمل) کی مدت ختم ہوئے 12 ماہ سے زیادہ گزر چکے ہیں، یا جنہیں ملازمت شروع ہونے کے 6 ماہ بعد بھی ورک پرمٹ جاری نہیں کیا گیا۔
وزارت کا کہنا ہے کہ اس فیصلے کا مقصد لیبر قوانین پر عمل درآمد کو مضبوط بنانا، اداروں اور کارکنوں کو قانونی تقاضے پورے کرنے کا مزید موقع فراہم کرنا، اور معاہدے کے تمام فریقین کے حقوق کا تحفظ یقینی بنانا ہے۔حکام نے تمام اداروں اور کارکنوں پر زور دیا ہے کہ وہ مقررہ مہلت ختم ہونے سے پہلے اپنے ورک پرمٹ کی تجدید یا اجراء کے تمام مراحل مکمل کر لیں۔
وزارت نے خبردار کیا ہے کہ مقررہ مدت کے بعد قانونی حیثیت درست نہ کرنے والوں کے خلاف مروجہ قوانین کے تحت کارروائی کی جائے گی۔






















