پاکستان ریڈ بال کیمپ میں شامل زخمی کھلاڑیوں کےفٹنس ٹیسٹ آج لیےجائیں گے،جن کی بنیاد پر ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کے خلاف آئندہ ٹیسٹ سیریز کے لیے قومی اسکواڈ کو حتمی شکل دی جائے گی۔
فٹنس ٹیسٹ دینے والےکھلاڑیوں میں سعود شکیل،شان مسعود، سلمان علی آغا اورمحمد رضوان شامل ہیں،ریڈ بال کیمپ کےدیگرکھلاڑیوں کے فٹنس ٹیسٹ پہلے ہی مکمل کیے جا چکے ہیں،جبکہ تاخیر سے کیمپ جوائن کرنے والے کھلاڑیوں کے بھی ٹیسٹ لیے جا چکے ہیں۔
ذرائع کےمطابق سعود شکیل ٹخنے کی انجری جبکہ محمد رضوان کمر کے درد کا شکار تھے،انجری سے صحت یاب ہونے کے بعد آج چاروں کھلاڑیوں کی فٹنس کا جائزہ لیا جائے گا۔
ان کھلاڑیوں کی فٹنس سےمتعلق غیریقینی صورتحال کےباعث ویسٹ انڈیز اور انگلینڈ کےخلاف ٹیسٹ اسکواڈ کے اعلان میں تاخیرہوئی،جبکہ احتیاطاً انکےمتبادل کےطورپرچند دیگرکھلاڑیوں کو بھی ریڈ بال کیمپ میں مدعو کیا گیا تھا،پاکستان ریڈ بال اسکواڈ کا اعلان جمعرات یا جمعہ کو متوقع ہے۔





















