پاکستان کرکٹ کے مستقبل، کھلاڑیوں کی فلاح اور ڈومیسٹک کرکٹ کی بہتری سے متعلق اہم فیصلے ہوگئے۔
چیئرمین محسن نقوی کی زیر صدارت بورڈ آف گورنرز کے اجلاس میں نئے مالی سال کے بجٹ، پی ایس ایل، سنٹرل کنٹریکٹس اور کھلاڑیوں کی میچ فیس اور ادائیگی کے طریقہ کار سمیت متعدد اہم امور کی منظوری دی گئی۔
اعلامیے کے مطابق مالی سال 2026-27 کے سرپلس بجٹ اور پی ایس ایل ایڈیشن 12 کی متفقہ طور پر منظوری دے دی گئی۔ پی ایس ایل کو انتظامی اور مالیاتی طور پر خودمختار بنا دیا گیا۔ ڈومیسٹک کرکٹ کے فروغ کیلئے بجٹ ایک ارب روپے بڑھا کر 4 ارب روپے کردیا گیا۔
پی سی بی بورڈ آف گورنرز نے قائداعظم ٹرافی کے کھلاڑیوں کے لیے میچ فیس 30 ہزار روپے سے بڑھا کر ایک لاکھ روپے اور ریزرو کھلاڑیوں کی میچ فیس 15 ہزار سے بڑھا کر 50ہزار روپے کردی۔
خواتین کرکٹ کے ون ڈے اور ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹس کے انعقاد اور اس مقصد کے لیے فنڈز مختص کرنے کی بھی منظوری دیدی گئی، ریجنل گراؤنڈز اسٹاف کی کم از کم تنخواہ 42 ہزار روپے مقرر کرنے، مزید بارہ گراؤنڈز کو آپریشنل کرنے اور درکار افرادی قوت فراہم کرنے کا فیصلہ کرلیا گیا۔
نیشنل بینک کرکٹ اسٹیڈیم کراچی اور دیگر کرکٹ انفراسٹرکچر کی اپ گریڈیشن کے لیے 6ارب 70 کروڑ روپے مختص، ہائی پرفارمنس سینٹر لاہور میں جدید بائیو میکینکس مشین کی تنصیب کے لیے بھی فنڈز کی منظوری دے دی گئی۔






















