اسرائیلی فوج نے اتوار کے روز اعلان کیا ہے کہ جنوبی لبنان میں جھڑپوں کے دوران اُن کا ایک فوجی ہلاک ہوگیا۔
یہ واقعہ لبنان اور اسرائیل کے درمیان لڑائی کے خاتمے کے لیے معاہدہ طے پانے کے دو روز بعد پیش آیا ہے۔ اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان کے مطابق ’ہلاک ہونے والا فوجی اہلکار 21 سالہ کیپٹن ڈیوڈ ہازوت تھے، جو ایک فوجی پلاٹون کے کمانڈر تھے۔
اسرائیلی فوج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ جنوبی لبنان کے علاقے دیر سریان میں اسرائیلی فوج ایک مشکوک عمارت میں داخل ہوئی، جہاں اسے حزب اللہ کے ایک رکن کا سامنا کرنا پڑا اور مقابلے کے دوران کیپٹن ڈیوڈ ہازوت ہلاک ہو گئے۔
اسرائیلی فوج کے مطابق اس واقعے میں ایک اور اسرائیلی فوجی بھی معمولی زخمی ہوا ہے۔






















