پاکستان تحریک انصاف میں اختلافات شدت اختیار کر گئے۔ پارٹی چیئرمین بیرسٹر گوہر علی خان نے رکن قومی اسمبلی اقبال آفریدی کو نظم و ضبط کی خلاف ورزی پر شوکاز نوٹس جاری کر دیا۔
نوٹس کے مطابق اقبال آفریدی پر پارٹی ارکان اور قومی اسمبلی عملے سے بدتمیزی اور توہین آمیز رویئے کا الزام ہے۔ پارلیمانی پارٹی فیصلوں کی خلاف ورزی اور اڈیالہ جیل کے باہر حملے کی منصوبہ بندی کا الزام بھی لگایا گیا ہے۔ پی ٹی آئی کے مطابق ان کے اقدامات سے پارٹی کی ساکھ متاثر ہوئی اور اتحاد کو نقصان پہنچا۔ اقبال آفریدی کو سات روز کے اندر شوکاز نوٹس کا تحریری جواب جمع کرانے کی ہدایت کی گئی ہے۔ نوٹس میں وارننگ دی گئی ہے کہ جواب جمع نہ کرانے کی صورت میں پارٹی آئین کے مطابق بنیادی رکنیت کی منسوخی اور پارٹی سے نکالنے کی کارروائی بھی کی جا سکتی ہے۔





















