ایرانی پرشین گلف اسٹریٹ اتھارٹی نے آبنائے ہرمز میں جہاز رانوں کو وارننگ دیتے ہوئے کہا کہ مقررہ راستوں سےہٹ کر سفر کرنے والے جہازوں کو سیکیورٹی کی گارنٹی نہیں دے سکتے۔
بیان کے مطابق غیر تصدیق شدہ راستوں پر سفر کرنے والے جہاز نقصان کے خود ذمہ دار ہونگے، ان راستوں پر سفر کرنے والے جہاز انشورنگ کلیم کے اہل نہیں ہونگے۔
قبل ازیں پاسداران انقلاب نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ آبنائے ہرمز میں جہازوں کی آمدورفت کے لیے ایک نئے راستے کا اعلان ایران کے ساتھ کسی بھی قسم کی معلومات یا رابطہ کاری کے بغیر کیا گیا، جسے ایران نے ’ناقابل قبول‘ اور ’انتہائی خطرناک‘ قرار دیا ہے۔
ایرانی میڈیا کے مطابق وزیر خارجہ عباس عراقچی اور ان کے عمانی ہم منصب بدر البوسعیدی نے گفتگو کے دوران آبنائے ہرمز میں سمندری ٹریفک کی تازہ صورتحال اور 60 روزہ عبوری انتظامات پر تبادلہ خیال کیا۔
واضح رہے کہ عمان نے حالیہ دنوں میں بحری جہازوں کے لیے آبنائے ہرمز سے محفوظ گزرگاہ قائم کرنے کا اعلان کیا تھا۔ یہ اعلان ایرانی پارلیمنٹ کے سپیکر اور چیف مذاکرات کار محمد باقر قالیباف کے عمان کے دورے کے بعد سامنے آیا، جہاں انھوں نے عباس عراقچی کے ہمراہ سلطانِ عمان سے آبنائے ہرمز کی صورتحال سمیت دیگر امور پر بات چیت کی تھی۔
دوسری جانب برطانیہ کے میریٹائم ٹریڈ آپریشنز سینٹر (یو کے ایم ٹی او) کا کہنا ہے کہ اسے عمان کے شمال میں آبنائے ہرمز کے قریب ایک واقعے کی اطلاع موصول ہوئی ہے۔
برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق کارگو جہاز کے سٹار بورڈ کو نامعلوم نوعیت کے ایک پروجیکٹائل سے نشانہ بنایا گیا ہے، جس سے جہاز کے برج کو نقصان پہنچا ہے۔ جہاز کے کپتان کے مطابق اس واقعے میں کوئی شخص زخمی نہیں ہوا ہے۔
یو کے ایم ٹی او کے مطابق حکام اس معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں اور علاقے میں موجود جہازوں کو محتاط رہنے اور کسی بھی مشتبہ سرگرمی کی اطلاع دینے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔






















