صدر استحکام پاکستان پارٹی اور وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ عاشورہ دین اسلام کی سربلندی، قربانی اور ثابت قدمی کا عظیم درس دیتا ہے۔
عاشورہ کے موقع پر اپنے پیغام میں عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہادتِ امام حسینؑ حق و باطل کے درمیان ابدی معیار اور انسانیت کیلئے روشن مینار ہے، واقعہ کربلا ظلم کے سامنے ڈٹ جانے اور اصولوں پر قائم رہنے کا لازوال پیغام دیتا ہے۔
عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہدائے کربلا کی عظیم قربانیاں امتِ مسلمہ کیلئے ایثار، وفا، صبر اور حق پرستی کی روشن مثال ہیں، آلِ محمدؐ نے ہر آزمائش کے باوجود حق کا پرچم سربلند رکھا، اُن کا کردار مشعلِ راہ ہے۔
صدر استحکام پاکستان پارٹی نے کہا کہ یومِ عاشورہ حق، استقامت، صبر اور رضائے الٰہی کی یاد دلاتا ہے، مذہبی ہم آہنگی اور اخوت کا فروغ وقت کی اہم ضرورت اور ترقی کی ضمانت ہے، شہدائے اسلام کی قربانیوں نے انسانیت کو عزت، حوصلہ اور جدوجہد کا راستہ دکھایا۔
وفاقی وزیرمواصلات عبدالعلیم خان نے کہا کہ شہداء کربلا کی لازوال قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا، وطن عزیز اورملکی سلامتی کیلئے پاک فوج کی قربانیاں لائق تحسین ہیں۔





















