وینزویلا میں آنے والے زلزلے سے بڑے پیمارے پر اموات کا خدشہ ہے۔
یو ایس جیالوجیکل سروے کے مطابق ایک لاکھ تک اموات ہوسکتی ہیں، اب تک 10 ہزار سے زائد لاپتہ افراد کی نشاندہی ہوچکی ہے جبکہ 164 افراد ہلاک اور 7 سو سے زائد زخمیوں کی تصدیق ہوچکی ہے۔
امریکی جیولوجیکل سروے (یو ایس جی ایس) کے مطابق گذشتہ رات وینزویلا میں آنے والے زلزلوں میں سے ایک سنہ 1900 کے بعد ملک میں آنے والا سب سے طاقتور زلزلہ تھا۔
گذشتہ رات آنے والے پہلے زلزلے کی شدت یو ایس جی ایس کے مطابق 7.2 ریکارڈ کی گئی، جبکہ اس کے ایک منٹ سے بھی کم وقت میں آنے والے دوسرے زلزلے کی شدت 7.5 تھی۔
ادارے کے زلزلوں کے ریکارڈ کے مطابق 29 اکتوبر 1900 کو وینزویلا کے ساحل کے قریب 7.7 شدت کا زلزلہ آیا تھا، جسے سان نارسیسو زلزلہ کہا جاتا ہے۔
وینزویلا کی عبوری صدر ڈیلسی روڈریگیز کا کہنا ہے کہ اس وقت ان کی حکومت کی ترجیح ’جانیں بچانا‘ ہے اور حکام منہدم عمارتوں کے ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششوں میں لگے ہوئے ہیں۔
روڈریگیز کا کہنا تھا کہ آئندہ چند گھنٹوں میں امریکہ، ڈومینیکن ریپبلک، میکسیکو اور ایل سلواڈور سمیت دیگر ممالک سے امدادی کارکن پہنچنا شروع ہو جائیں گے۔
وینزویلا ایک ایسے خطے میں واقع ہے جہاں زلزلے نسبتاً زیادہ آتے ہیں، کیونکہ یہاں دو ٹیکٹونک پلیٹس، کیریبین پلیٹ اور جنوبی امریکی پلیٹ آپس میں ملتی ہیں۔
امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق آج آنے والے دو زلزلوں میں سے دوسرا اور زیادہ طاقتور زلزلہ ان پلیٹس کی سرحد کے قریب ’سطحی سٹرائیک سلِپ فالٹنگ‘ کے نتیجے میں آیا۔






















